قوم کو اصل خطرہ اقتدار میں بیٹھی ”داعش “سے ہے جس کی وجہ سے غریب کا استحصال ہورہا ہے :سینیٹر سراج الحق

قوم کو اصل خطرہ اقتدار میں بیٹھی ”داعش “سے ہے جس کی وجہ سے غریب کا استحصال ...
قوم کو اصل خطرہ اقتدار میں بیٹھی ”داعش “سے ہے جس کی وجہ سے غریب کا استحصال ہورہا ہے :سینیٹر سراج الحق

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم کو اصل خطرہ اقتدار میں بیٹھی ہوئی داعش سے جس کی وجہ سے غریب کا بری طرح استحصال ہورہاہے اور اس کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جارہاہے۔ قوم پاکستان کو کرپشن سے پاک خوشحال ملک دیکھنا چاہتی ہے ،کرپشن فری پاکستان کی تحریک کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا۔

نجی ٹی وی کے مطابق لاہور میں ٹاﺅن شپ مین مارکیٹ کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عوام عزت کی دال روٹی ،کپڑا اور چھت چاہتے ہیں ،حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں مگر غریب کے چہرے پر رونق دیکھنے میں نہیں آتی۔عوام چاہتے ہیں کہ ان کو تعلیم صحت اور روز گار کی جائز سہولتوں کے لئے کسی کی سفارش یا رشوت دینے کی ضرورت نہ پڑے۔ کرپشن اور بدیانتی کی وجہ سے بازار سے خالص ادویات کا ملنا بھی مشکل ہے۔ملک میں اسی لاکھ نوجوان بے روز گار ہیں جن میں سے 60فیصد خط غربت سے نیچے زندگی گزاررہے ہیں ،حکومت بتائے کہ ان نوجوانوں کو روز گار دینے کیلئے حکومت نے کیا پالیسی بنائی ہے۔امراءکے نااہل بیٹے سرکاری محکموں میں اعلیٰ عہدوں پر براجمان جبکہ غریب کا اعلیٰ تعلیم یافتہ بیٹا میرٹ کے قتل عام کی وجہ سے ریڑھی لگانے پر مجبورہے۔ظلم و جبر اور کرپشن کے اس نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیر اعظم سے پٹواری تک آئین میں درج اپنے لئے سہولیات کی دفعات پر تو فوری عمل کرتے ہیں لیکن آئین کی جن دفعات میں عوام کے حقوق کی بات ہوتی ہے اسے نظر انداز کردیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کو داعش سے ڈرا رہے ہیں مگر خود عوام کو جان و مال کا تحفظ دینے کیلئے تیار نہیں اور اپنی حفاظت کے لیے بڑے بڑے سیکیورٹی فلیٹ رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصل خطرہ اقتدار کے ایوانوںاور دفاتر میں بیٹھی داعش سے ہے جس کی وجہ سے غریب ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مررہے ہیں۔سب سے بڑی دہشت گردی ہے یہ کہ ملک میں دوائی مہنگی اور موت سستی ہے،عام آدمی سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا گیا ہے۔ حکمران سکولوں کے معصوم بچوں کا تحفظ کرنے کی بجائے انہیں اپنی حفاظت خود کرنے کے مشورے دے ر ہے ہیں۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ احتساب میں پسند اور ناپسند کا مسئلہ نہیں ہونا چاہئے ،کرپشن غریب نہیں ہمیشہ صاحب اقتدار اور بااثر لوگ کرتے ہیں ،لیکن احتساب کے ادارے مچھلیوں کو پکڑلیتے ہیں اور مگر مچھوں کو چھوڑ دیتے ہیں اس لئے قوم چاہتی ہے کہ ایک کڑا اور بے رحم احتساب ہو جس میں آج تک پاکستان کا خون چوسنے والی جونکوں کو پکڑ ا جائے۔انہوں نے کہا کہ قوم کی امانتوں کو ہڑپ کرنے والوں کی جگہ اقتدار کے ایوان نہیں اڈیالہ جیل ہے اور جب تک ایسے لٹیروں اور ڈاکوﺅں کو پکڑ کر سلاخوں کے پیچھے بند نہیں کیا جاتا ملک سے کرپشن کا بازار ختم نہیں ہوگا۔

مزید :

قومی -