پی ٹی وی قومی روایات کا نگہبان اور امین ہے، چیئرمین کلچرل ایسوسی ایشن
لاہور( فلم رپورٹر)کلچرل ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین سید عمران عقیل نے کہا کہ کہ پی ٹی وی ڈرامہ اس قومی چینل کی شناخت ہے۔پاکستان کی تاریخ میں صرف پاکستان ٹیلی وژن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کے ڈرامے دیکھنے کے لیے لوگ قبل از وقت کاروبار زندگی معطل کر کے گھر پہنچ جاتے اور سڑکیں سنسان ہو جاتیں۔شاہین،وارث، تنہائیاں، چھوٹی سی دنیا،خدا کی بستی،خواجہ اینڈ سن، شب دیگ سمیت پی ٹی وی نے لاتعداد شاہکار ڈرامے پیش کیے جنہوں نے ناظرین کو مدتوں مسحور کیے رکھا۔مسابقت کی موجودہ فضا میں بھی پی ٹی وی نے مغربی و بھارتی کلچر کے فروغ کی بجائے مشرقی ثقافت و اقدار کو مقدم رکھا اور قومی روایات کے امین اور نگہبان کے طور پر اپنی حیثیت برقرار رکھی۔اس جاندار طرز عمل نے پی ٹی وی کے تشخص پر کسی بیرونی کلچر کا اثر انداز نہ ہونے دیا ۔گزشتہ سال کے دوران پی ٹی وی کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہو ا ہے۔پاکستان ٹیلی وژن کا سنہری دور واپس لانے کے لیے ڈرامے پر خصوصی توجہ دی گئی اور ایسے ڈرامے پیش کیے گئے۔
جن ناظرین کی طرف سے بے حد پذیرائی حاصل ہوئی۔پاکستان ٹیلی ویژن اپنی ماضی کی خوبصورت روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ناظرین کے لیے رواں سہ ماہی میں بہت سے دلکش پر وگرام پیش کر رہا ہے۔ جن میں زیادہ پروگرام پی ٹی وی کی ہوم پروڈکشن ہیں۔نئی سہ ماہی کے دوران پرائم ٹائم میں پیش کیے جانے والے ڈراموں میں فاصلے،کچھ اس طرح،کوئی عشق نہ جانے، منکر، فرض، اور دھند شامل ہیں۔نامور قلم کاروں کے تحریر کردہ ان ڈراموں کی کہانیاں منفرد اور مسحور کن ہیں۔پی ٹی وی پر پیش کیے جانے والے مزاحیہ ڈراموں میں ساحرہ،ایک دوجے کے لیے،نو ٹائم فار پیار ویار اور سسر ان لاء شامل ہیں۔ پی ٹی وی پرپیش کیے جانے والے سوپ ڈرامے’’سب خواب دھول ہوئے‘‘،ہونے لگا تم سے پیار‘‘، ’’گھر آنگن‘‘، اور ’’یاد تیری آنی لگی‘‘ کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔مختلف ٹاک شوز اور بچوں کے پروگرام بھی اس نشریات کا حصہ ہیں ۔ٹاک شوز میں ’’کھوئے ہوؤں کی جستجو‘‘ ریما خان شو اورویک اینڈ شو ود فائزہ بخاری کو غیرمعمولی مقبولیت حاصل ہے۔ان پروگرام کی پسندیدگی کے حوالے اندرون و بیرون ممالک سے پی ٹی وی کو بے شمار مبارکبادی کے پیغام متواتر موصول ہو رہے ہیں۔ گولڈن ہاور میں پیش کیے جانے والے پروگراموں کی ناظرین کی طرف سے بہترین اور معیاری قرار دیا جا رہا ہے۔بچوں کے لیے پیش کیے جانے والے شوزمیں جونیئر سٹارندیم جعفری اور کارٹون بچوں میں بے حد مقبول ہیں۔پی ٹی وی کے پروگراموں کی مقبولیت کا سہرا چیئرمین پی ٹی وی عطا الحق قاسمی اور ڈائریکٹر پروگرامز آغا ذوالفقار خان اور ان کی ٹیم کے سر جاتا ہے۔