نیوز گیٹ سکینڈل کی 10روز میں تحقیقات مکمل کرلیں گے ،وفاقی حکومت کی ہائی کورٹ میں یقین دہانی
لاہور(نامہ نگار خصوصی )وفاقی حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ نیوز گیٹ اسکینڈل کی تحقیقات 10روز میں مکمل کرلی جائے گی،یہ یقین دہانی وفاقی حکومت کے وکلا نے نیوز گیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کے لئے قائم کمیٹی کی تشکیل کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران کرائی ہے، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے مقامی وکیل الیاس خان کی درخواست پر سماعت کی جس میں تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کو چیلنج کیا گیا ہے، عدالتی احکامات پر وفاقی حکومت کے وکلاءنے آگاہ کیا کہ کمیٹی اپنی چھان بین 10 دنوں میں مکمل کرلے گی، سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل بابر اعوان نے اعتراض اٹھایا کہ نیوز گیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کے لئے کمیٹی من پسند افراد پر بنائی گئی ہے اس لئے اس معاملے کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل انکوائری کرائی جائے، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے حکومتی وکلاءکی یقین دہانی کے بعد درخواست پر مزید کارروائی 15مارچ تک ملتوی کر دی ہے ۔