یو ای ڈی کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے واک کا اہتمام

یو ای ڈی کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے واک کا اہتمام

  

لا ہو ر (ایجوکیشن رپورٹر ) یو نیورسٹی آف ایجو کیشن، ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز کے زیر اہتمام ٹاؤن شپ کیمپس میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجتہی اور بھارتی جارحیت کے خلاف ایک واک کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ڈائریکٹر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عالم سعید اور ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر محمد عمر سلیم نے کی۔ واک میں شریک طلباء کی کثیر تعداد نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر بھارتی مظالم کی مذمت اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے پیغامات درج تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر عالم سعید نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جارحیت اور مظالم کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، لیکن سلام ہے ان مظلوم کشمیریوں کو جو ان مظالم کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

عالمی برادری کشمیریوں سے کیا گیا حق خودارادیت کا وعدہ پورا کرے، جس کی ضمانت انہیں نہ صرف اقوام متحدہ بلکہ خود ماضی میں بھارتی رہنماؤں نے بھی دی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اہل کشمیر کو استصواب رائے کا مسلمہ حق دینے کی بجائے الٹا ان پر مظالم کے پہاڑ ڈھا رہا ہے جو مہذب دنیا کا شیوہ نہیں۔ ظلم اور طاقت کے بل بوتے کسی قوم کو تادیر محکوم نہیں رکھا جا سکتا۔ ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر عمر سلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ جابرانہ ریاستی اقدامات سے اہل کشمیر کو دبانا ممکن نہیں، آج بھارت کے اندر بھی عوامی نفرت کی لہر شدت سے پھیل رہی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -