سانحہ لاہور پر حکمرانوں کی غیر ذمہ دارانہ روش باعث تشویش ہے، حافظ ادریس

سانحہ لاہور پر حکمرانوں کی غیر ذمہ دارانہ روش باعث تشویش ہے، حافظ ادریس

  

لاہور(وقائع نگار)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے ادارہ معارف اسلامی منصورہ میں ریسرچ کے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے مال روڈ دھماکہ پر شدید رنج و الم کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم کے دل دہشتگردی کے اس واقعہ پر زخمی ہیں۔ اس افسوسناک سانحہ کا غم بھی شدید ہے اور اس پر حکمرانوں کی غیر ذمہ دارانہ روش بھی باعث تشویش ہے۔ کون نہیں جانتا کہ بھارتی حکومت اور اس کے تخریبی ادارے پاکستان کو لہو لہان کرنے کا مذموم منصوبہ روبہ عمل لانے کے لیے سب کچھ کررہے ہیں۔ ہر تخریبی کاروائی کے پیچھے بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ کا ہاتھ ہوتاہے۔

بھارت کی چالاکی یہ ہے کہ پاکستان کے اندر غنڈہ گردی اور دہشتگردی بھی کر رہاہے اور پاکستان کو ہی عالمی اداروں میں دہشتگر د قرار دیتاہے۔ چور کا شور اتنا زیادہ ہے کہ وہ چوری کے ساتھ سینہ زوری سے اپنی بات منوالیتاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکمرانوں کو اپنا موقف بھر پور انداز میں پیش کرنے سے کون سی مجبوری روکتی ہے۔ بھارت میں کسی موٹر سائیکل سے ٹکرا کر کتا بھی زخمی ہو جائے تو بھارتی حکمران پاکستان کو اس کا ذمہ دار قرار دینے کے لیے آسمان سر پر اٹھالیتے ہیں اس کے برعکس ہمارا پورا ملک بھارتی دہشتگردی سے لہو لہان ہے مگر ہم اپنے دشمن کا مکروہ چہرہ بے نقاب نہیں کر سکے۔ حکومتی ایجنسیاں وارننگ دے رہی ہیں کہ پنجاب اور بالخصوص لاہور میں دہشتگردی کا خطرہ ہے مگر اس کا کوئی تدارک نہ کیا جاسکا۔ اگر حکمران امن و امان قائم کرنے کی سنجیدہ اور ذمہ دارانہ کوشش کریں تو ساری قوم ان کے ساتھ ہوگی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -