ڈگری ہولڈرز کو نوکریاں پیدا کرنیوالا بنانا چاہتے ہیں: ڈاکٹر نظام الدین

ڈگری ہولڈرز کو نوکریاں پیدا کرنیوالا بنانا چاہتے ہیں: ڈاکٹر نظام الدین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) :چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین نے کہا ہے کہ نوجوان طلبہ کے آئیڈیاز کو مارکیٹ میں متعارف کرائیں گے تاکہ انٹرپینیورشپ کو فروغ دے سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈگری حاصل کرنے والوں کو نوکریاں تلاش کرنے والوں کی بجائے نوکریاں پیدا کرنے والے بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف کامرس کے زیر اہتمام کالج کی 90برس کی تاریخ میں پہلی بار منعقد ہونے والی انٹرپینیورشپ گالا کی تقریب میں شرکاء سے کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر، کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر حسن مبین عالم ، معروف انٹرپینیور چوہدری عبد الرحمان ، ممبر صوبائی اسمبلی ماجد ظہور، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما چوہدری اعجاز، ، تقریب کی چیف آرگنائزرڈاکٹر فوزیہ علی، معروف بزنس مین ، اعلیٰ شخصیات ، فیکلٹی ممبران اور طلباؤ طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کالج کے زیر اہتمام اپنی طرز کے پہلی تقریب میں تقریباً600طلباؤ طالبات نے شرکت کرتے ہوئے 120انٹرپینیور آئیڈیاز کے سٹالز لگائے۔ تقریب کے آغاز میں سانحہ لاہور کے متاثرین کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے علاوہ شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نظام الدین نے کہا کہ کامرس کی تعلیمی اہمیت کو کبھی بھی نظر انداز نہیں کیا گیا تاہم موجودہ حالات میں جب پاکستان کئی طرح کے مسائل کا شکار ہے ہمیں اس شعبہ کو مضبوط کرنے کے لئے کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے خیالات کو مارکیٹ میں پھیلانے کیلئے انکیوبیشن سنٹر قائم ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے کمیونٹی کالجز قائم کر رہے ہیں جو طلبہ کو روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے لہذا قومی ضروریات کے عین مطابق ہمیں نوجوانوں کو ڈگریاں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ شعبوں میں تکنیکی مہارتوں سے بھی آراستہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر کو بہترین تقریب کے انعقاد پر مبارک بادپیش کرتے ہوئے کہا کہ لاہور دھماکے سے اگلے ہی دن ایسی تقریب کا انعقادقابل ستائش ہے جس سے دشمنوں کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ یہ قوم کسی بھی دہشت گرد عناصر سے خوف زدہ ہونے والی نہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ آج قوم کیلئے افسوسناک دن ہے اور دہشت گر د پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں تاہم ملک کو کمزور کرنے کیلئے ایسے دہشت گردعناصر کی ہر سازش کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوم متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ اپنے نوجوان طلبہ کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرکے انہیں ہر سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کے لئے وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کر نے پرتقریب کی چیف آرگنائزر اور کالج کی فیکلٹی ممبر ڈاکٹرفوزیہ علی کیلئے 50ہزار روپے جبکہ تلاوت ، نعت پیش کرنے والوں سمیت تزئین و آرائش کرنے والے د و ملازمین کو دس، دس ہزار روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔اپنے خطاب میں چوہدری عبد الرحمان نے کامیاب تقریب کے انعقاد پر پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کی کاوشوں کا سراہتے ہوئے کہا کہ پبلک سیکٹر یونیورسٹی میں ایسی سرگرمی کا انعقاد وقت کی ضرورت اور اچھی خبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آ ج کا پروگرام دہشت گردوں کیلئے واضح پیغام ہے کہ ان کی کارروائیاں ہمارے تعلیمی ادارے نہیں بند کرا سکتی۔ ڈاکٹر حسن مبین عالم نے کہا کہ تقریب میں تقریباً 120کاروباری منصوبے پیش کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تقریب کے انعقاد کا مقصد طلبہ میں اعتماد بحال کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج کی تاریخ میں پہلی بار طلبہ کوچیلنجز سے نمٹنے اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے گالا میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں میں نقد انعامات تقسیم کئے اور مہمانوں کو یادگاری شیلڈز دیں۔