دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں، فرید پراچہ،ذکر اللہ مجاہد
لاہور (وقائع نگار) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد، جے آئی لاہور کے صدر شاہد نوید ملک ، نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری، ملک شاہد اسلم، سابق ایم پی اے سید احسان اللہ وقاص سیکرٹری سیاسی امور جماعت اسلامی لاہور چوہد ری محمودالاحد اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد نے مال روڈ چیرنگ کراس پر احتجاجی مظاہرے کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے پر شدید غم وغصہ کا اظہار کرتے کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں اوران انسانیت کے دشمنوں کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے گنگارام ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ کہا کہ دہشت گرد وں کی اس ملک میں کوئی جگہ نہیں اس سانحہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کروائی جائیں اور اصل حقائق کو عوام کے سامنے لایا جائے اور ملک دشمن عناصر کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ اس سانحہ کے پیچھے بھی ہمارے ازلی دشمن بھارت کی خفیہ ایجنسی "را"کا ہاتھ ہے وہ کسی صورت بھی پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتا اور خاص کر سی پیک منصوبے اور حالیہ دنوں شروع ہونے والی پاکستانی پی ایس ایل کرکٹ لیگ کے انعقاد کے بعد تو اس کی سازشوں کا سلسلہ مذید بڑھ چکا ہے ۔ عیادت کے بعد جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے سانحہ میں شہید ہونے والے شہداء کیلئے بلندی درجات ،زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملکی سلامتی کے لیے دعائے خیر بھی کی اور وہاں پر موجود زخمیوں اور لواحقین میں الخدمت جے آئی یوتھ کی طرف سے کھانا بھی تقسیم کیا ۔
فریدپراچہ