مال روڈ دھماکہ میں شہید ہونیوالے اے ایس آئی سمیت 2کانسٹیبل سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک

مال روڈ دھماکہ میں شہید ہونیوالے اے ایس آئی سمیت 2کانسٹیبل سرکاری اعزاز ...

  

ساہیوال،اوکاڑہ،دیپال پور،منڈ ی احمد آباد،رینالہ خورد(بیورورپورٹ،نمائندہ پاکستان،نامہ نگار،تحصیل رپورٹر) مال روڈ پر ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید ہونیوالے اے ایس آئی سمیت2پولیس اہلکاروں کو آبائی علاقوں پیں سپرد خاک کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں پیر کے روز ہونے والے بم دھماکے میں ساہیوال کے شہید اے ایس آئی عصمت اﷲ کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں پورے اعزاز کے ساتھ سلامی پیش کرتے ہوئے سپرد خاک کردیا گیا۔ شہید کی میت جب گاؤں پہنچی تو ہزاروں افراد اورپولیس افسران واہلکاران کی بڑی تعداد نے شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اورپھولوں کی پتیاں نچھاورکیں۔نمازجنازہ میں ریجنل پولیس افسر طارق رستم چوہان ‘ڈی سی او ساہیوال شوکت علی خان کھچی ‘ڈی پی او ساہیوال عاطف اکرام ‘ایس پی انوسٹی گیشن شاکر احمد‘ ایم پی اے محمدارشد ملک ‘شیخ اعجاز احمد رضا ‘ پولیس افسران و اہلکاران کے علاوہ سماجی ‘سیاسی ‘تجارتی اورصحافتی حلقوں کے علاوہ معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر شہید کے والد حشمت علی نے کہاکہ میرے بیٹے نے ملک و قوم کیلئے اپنی جان دیکر ہمارا سر فخر سے بلند کردیاہے ہم ملک و قوم کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔شہید نے اپنے پسماندگان میں ایک بیوہ اور تین بچے چھوڑے ہیں۔ پولیس کانسٹیبل محمد عرفان جٹ کونواحی علاقہ بھیلا گلاب سنگھ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی ،دینی، کاروباری،صحافتی،وکلاء، عمائدین علاقہ،اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ایس ایس پی محمد کاشف آف لاہور ،صوبائی وزیر سید رضا علی گیلانی،ممبر صوبائی اسمبلی افتخار حسین چھچھر،اے ایس پی دیپال پور عبدالوہاب،اسسٹنٹ کمشنر دیپال پور خالد عمر قریشی، سردار شہریار موکل صدر پریس کلب محمد اشفاق چوہدری،سرپرست اعلی حاجی عطا الرحمن لکھوی،چیئرمین میاں محمد عباس ڈولہ،ڈاکٹر محمد شعبان،میاں محمد کاشف وٹو،،صدر الیکٹرونک میڈیا سید محمد حسن شاہ،رانا محمد افضل،افتخار احمد سیفی،رانا محمد عباس،فیاض حسن اعوان، فاروق احمد سلفی،، حافظ عبدالرزاق کے علاوہ علماء کرام اساتذہ کرام وکلاء ،سرکاری افسران صحافیوں ، عمائدین علاقہ اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شہید ایس ایس پی زاہد گوندل کے گن مین محمد ندیم کمیانہ شہید کی نماز جنازہ اسکے آبائی گاؤں چک نمبر4جی ڈی میں ادا کی گئی جس میں صوبائی وزیر جنگلات میاں یاورزمان،رکن قومی اسمبلی چوہدری ندیم عباس ربیرہ کھرل ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل رانا سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شہداء کی قبروں پر وزیرا علیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور آئی جی پنجاب مشتاق سکھیراء کی جانب سے پھولوں کی چاردیں چڑھائی گئیں۔

مزید :

صفحہ آخر -