ڈویژن بنج کا شریف فیملی کی شوگر ملوں کی پیداوار روکنے بارے سیشن ججوں کو حکم جاری

ڈویژن بنج کا شریف فیملی کی شوگر ملوں کی پیداوار روکنے بارے سیشن ججوں کو حکم ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار خصوصی )چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ اور مسٹر جسٹس شجاعت علی خان پر مشتمل ڈویژن بنچ نے شریف فیملی کی 3شوگر ملوں کی پیداوار روکنے سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے متعلقہ سیشن ججوں کو حکم جاری کردیا ہے ۔فاضل بنچ نے حکم دیا ہے کہ ان ملوں میں پیداوار جاری ہو اورانہیں عدالت عظمیٰ کے 9فروری کے حکم کے باوجود بند نہ کیا گیا ہو تو ان ملوں کو سیل کردیا جائے ۔فاضل بنچ نے جن ملوں کے بارے میں یہ حکم دیا ہے ان میں چودھری شوگرملز رحیم یارخان ، اتفاق شوگر ملز بہاولپور اور حسیب وقاص شوگر ملز مظفر گڑھ شامل ہیں ۔عدالت نے فریقین کے اتفاق رائے کے بعد مزید حکم جاری کیا کہ یہ ملیں تاحکم ثانی بند رہیں گی ،عدالت نے متعلقہ اضلاع کے ڈی پی اوز اور آرپی اوز کے علاوہ انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسروں کو بھی حکم دیا ہے کہ ان ملوں کے معائنہ کے موقع پر وہ متعلقہ سیشن ججوں سے مکمل تعاون کریں ۔لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بنچ نے جہانگیر ترین کی درخواست پر ان ملوں کی ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں منتقلی کو غیر قانونی قرار دیا تھا جس کے خلاف چودھری شوگر ملزوغیرہ نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کی اور عدالت عالیہ کے ڈویژن بنچ نے ان ملوں کو عبوری طور پر کام کرنے کی اجازت دی جسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا اور سپریم کورٹ نے 9فروری 2107ء کوان ملوں کی پیداوار کی بندش کا حکم جاری کرتے ہوئے معاملہ دوبارہ سماعت کے لئے لاہور ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ کو بھیج دیا ۔چیف جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس شجاعت علی خان پر مشتمل اس ڈویژن بنچ کے روبرو جہانگیر ترین کے وکیل بیرسٹر اعتزاز احسن نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود ان ملوں میں کرشنگ جاری ہے جبکہ شریف برادران کے وکیل علی سبطین فضلی نے بتایا کہ چودھری شوگر ملز رحیم یار خان، اتفاق شوگر ملز بہاولپور اور حسیب وقاص شوگر ملز مظفر گڑھ میں ہے اور اس وقت تینوں ملز بند ہیں اور وہاں کرشنگ نہیں کی جا رہی ،جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہم اپنے سیشن ججز کو کہیں گے کہ کہ ملز چیک کر یں کہ یہ کام کر رہی ہیں یا بند ہیں ،اگر ملز میں کرشنگ ہو رہی ہوئی تو آپ ذمہ دار ہوں گے۔اس بابت فاضل بنچ نے ان شوگر ملوں کے معائنہ کے لئے مذکورہ احکامات کے ساتھ سیشن ججوں کی سربراہی میں 3جائزہ کمیشن مقرر کر دئیے، عدالت نے متعلقہ اضلاع کے سیشن ججز کو ہدایت کی ہے کہ وہ تینوں شوگر ملز کا جائزہ لیں اور اگر کرشنگ جاری ہو تو تینوں ملز کو سربمہر کر دیا جائے۔عدالت نے اس کیس کی مزید سماعت کے لئے20فروری کی تاریخ مقرر کی ہے اور آئندہ اس کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوگی۔

مزید :

علاقائی -