دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بہنے والا بے گناہوں کا خون رنگ لائے گا : شہباز شریف

دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بہنے والا بے گناہوں کا خون رنگ لائے گا : شہباز شریف

  

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گنگارام ہسپتال کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی کے باہر دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد اور پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔وزیراعلیٰ مختلف وارڈز میں زیرعلاج زخمیوں کے پاس فرداً فرداً گئے ، ان کی خیریت دریافت کی اور اس افسوسناک واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے زخمی افراد کے لواحقین کو دلاسہ دیا اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے پیاروں کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔اس موقع پر ہسپتال میں زیرعلاج زخمی پولیس اہلکاروں نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف ہم آپ کے شانہ بشانہ پہلے بھی لڑے ہیں اور آئندہ بھی لڑیں گے اور جب تک ہمارے جسم میں خون کا آخری قطرہ ہے ملک کی خاطر جان لڑا دیں گے۔ ہم دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔وزیراعلیٰ نے زخمی پولیس اہلکاروں اور دیگر افراد کے عزم اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کے بہادر جوانوں کا حوصلہ بہت بلند ہے اور مجھے آج اپنی قوم کے جوانوں کا جذبہ دیکھ کر پختہ یقین ہوگیا ہے کہ دہشت گردی کا ناسور جلد اپنے اختتام کو پہنچے گا اور ظلم کرنے والے دہشت گرد اور ان کے سہولت کار عبرتناک انجام سے نہیں بچ پائیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ یہ دہشت گردی کا بدترین اور انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ بزدل اور درندہ صفت دشمن نے سفاکانہ کارروائی کی ہے، قوم اس کا بدلہ ضرور لے گی۔ انہو ں نے کہا کہ معصوم پاکستانیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے اپنے عبرتناک انجام سے بچ نہیں سکتے۔دہشتگردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دینے والی بہادر قوم کے ارادوں کومتزلزل نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہنے والا بے گناہوں کا خون رنگ لائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹرز، سرجنز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہسپتال میں آنے والے زخمیوں کا پوری طرح خیال رکھا ہے جس پر میں ڈاکٹرز، سرجنز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کا شکرگزار ہوں۔

عیادت

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں روڈ میں پنجاب اسمبلی کے سامنے بم دھماکے میں شہید ہونے والے ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) سید احمد مبین، ایس ایس پی آپریشن لاہور زاہد گوندل سمیت 7 پولیس شہداء کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی، صوبائی وزراء، مشیران، اراکین اسمبلی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور زندگی کے مختلف شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے شہداء کی میتوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے عظیم مقصد کیلئے لازوال قربانی دی ہے اوران کی ملک کے امن کیلئے دی جانے والی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گااور پوری قوم شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا گوہے۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا اور انہیں گلے لگا کر دلاسہ دیا۔ اے ایس آئی ٹریفک پولیس امین، ہیڈ کانسٹیبل عصمت اللہ، کانسٹیبلز ندیم کمیانہ، اسلم اور عرفان محمود کی بھی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

مزید :

صفحہ اول -