جنوبی پنجاب میں گرینڈ آپریشن کا فیصلہ ، سانحہ لاہور پی ایس ایل کو ناکام بنانے کی کوشش: آرمی چیف

جنوبی پنجاب میں گرینڈ آپریشن کا فیصلہ ، سانحہ لاہور پی ایس ایل کو ناکام ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (جنرل رپورٹر،وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو جنوبی پنجاب میں جرائم پیشہ عناصر اور دہشتگردوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مال روڈ پر دھماکہ پی ایس ایل کا فائنل سبوتاژکرنے کے لئے کیا گیا لیکن پاک فوج فائنل میچ لاہور میں کروانے کیلئے بھر پور مدد کرے گی اورمیچ کو شیڈول کے مطابق یقینی بنایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور پہنچ کر کور ہیڈ کوارٹرز میں اعلی سطح اجلاس کی صدارت کی جس میں جی او سی 10ڈویژن اور حساس اداروں کے سربراہان نے شرکت کی جبکہ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو پنجاب اسمبلی کے قریب خود کش حملے پر بریفنگ بھی دی۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نام تبدیل کرکے کام کرنے والی تمام تنظیموں کے خلاف کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے،اپنے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور کیپٹن(ر) احمد مبین اور لاہور سانحہ کے شہداء ہمارا قومی اثاثہ ہیں۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے افسروں کو جنوبی پنجاب میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا بھی حکم دیا۔بعد ازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کے ہمراہ شہید ڈی آئی جی کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ،اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ کیپٹن احمد مبین قوم کے اہم سپوت تھے، قوم کو ان کی قربانی پر ناز ہے اور ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائیگی ۔آرمی چیف نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کا صفایا کر کے دم لیں گے اور دھماکہ کے سہولت کاروں کو جلد قوم کے سامنے لائیں گے۔
آرمی چیف

لاہور(جنرل رپورٹر،وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک ،اے این این)وزیراعظم نوازشریف نے دہشت گرد وں کیخلاف بلاتفریق کارروائیاں جاری رکھنے عزم کااعاد ہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو بروقت، بے رحم اور کامیاب جواب دینا ہی واحد راستہ ہے ،کوئی یہ نہ سوچے کہ بزدلانہ حملے دہشت گردی کیخلاف ہمارے عزم کو کمزور بنا ئینگے، ہمارے پختہ ارادوں کے سامنے دشمن کو شکست ہو گی ، پوری قوم ملک دشمنوں کیخلاف متحد اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہے ، دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کو بھی انجام تک پہنچانا ضروری ہے ، پولیس اورقانون نافذ کرنیوالے اداروں کی قربانیاں کبھی نہیں بھلاسکیں گے ۔وزیراعظم نوازشریف گزشتہ روزکراچی کادورہ مختصرکرکے لاہورپہنچے جہاں انہوں نے سیکیورٹی کی صورتحال کے بارے میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، وزیردفاع خواجہ آصف،مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سمیت صوبائی وزراء ودیگرحکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں سوموار کو مال روڈ پر خود کش دھماکے سے پیدا صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ اعلی سیکیورٹی حکام نے وزیراعظم کو سیکیورٹی کی صورت حال پر بریفنگ بھی دی۔ وزیراعظم کو مال روڈ خودکش دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی اور انہیں اب تک ہونے والی تفتیش سے آگاہ کیاگیا۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے طاہر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سی سی ٹی وی ویڈیو سے تحقیقات کو تیز کرنے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی پنجاب کی کارروائیوں میں 231دہشت گرد مارے گئے، سال 2016 میں دہشت گردی کے 12 منصوبوں کو ناکام بنایا گیا۔ انہوں نے وزیر اعظم کو بریفنگ میں یہ بھی بتایا کہ پنجاب میں کارروائیوں کے دوران 769دہشت گرد گرفتار کیے،سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس بہت جلد ان دہشت گردوں سے حساب لے گی۔اجلاس میں پنجاب میں شدت پسندوں کیخلاف جاری کارروائیوں کے ساتھ ساتھ سرچ اور کومبنگ آپریشن مزید تیز کرنے پر غور کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ دہشت گردی کا موثر اور بھرپور جواب دینا ہمارا واحد راستہ ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا دہشت گردوں کو بروقت، بے رحم اور کامیاب جواب دینا واحد آپشن ہے اور کوئی یہ نہ سوچے کہ دہشت گردی کے بزدلانہ واقعات دہشت گرد وں کیخلاف ہمارے عزم کو کمزور بنا دیں گے، ہمارے پختہ ارادوں کے سامنے دشمن کو شکست ہو گی۔انہوں نے کہاکہ پوری قوم دہشت گردی کیخلاف متحد اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کو بھی انجام تک پہنچانا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنیو الے اداروں نے بے مثال قربانیاں دیں، قوم پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں کبھی نہیں بھلائے گی۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اور جلد ہی ہم اس لعنت اور ایسی سوچ رکھنے والوں کو ختم کر دیں گے بحیثیت قوم ہم اس جنگ کی تاریخ میں درست سمت پر ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم نوازشریف وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف ، وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان ،وزیر دفاع خواجہ آصف کے ہمراہ شہید کیپٹن(ر) احمد مبین کی رہائش گاہ آراے بازار گئے اور غمزدہ خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ، انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔وزیراعظم نے شہید کے بچوں کو گلے لگا کر پیار کیا ،نوازشریف نے شہید کی بیوہ،بہن،بہنوئی اور والدہ کو بھی دلاسہ دیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ کیپٹن (ر) احمد مبین نے عظیم مقصد کیلئے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان دی ہے اور ان کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے اہلخانہ کو دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہاکہ کیپٹن ریٹائرڈ احمد مبین کی شہادت پر پوری قوم کو فخر ہے،شہید کے بچوں کو سرکاری خرچ پر اعلی تعلیم دلائی جائے گی۔ وزیراعلی شہبازشریف نے شہید کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کیپٹن (ر) احمد مبین نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے اورقوم ایسے فرض شناس اور بہادر افسر کی قربانی کو کبھی نہیں بھلا پائے گی۔انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) احمد مبین کی شہادت ملک و قوم کیلئے نا قابل تلافی نقصان ہے ، کیپٹن (ر) احمد مبین قوم کا بہادر بیٹا تھا اور اس کی قربانی پر پوری قوم کو فخر ہے ۔
نوازشریف