9357ملین ڈالر کے2825میگاواٹ کے 17 منصوبے سے پیک کیلئے تجویز کئے : عاطف خان

9357ملین ڈالر کے2825میگاواٹ کے 17 منصوبے سے پیک کیلئے تجویز کئے : عاطف خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کے وزیر توانائی و برقیات اور تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ صو بائی حکومت نے 9357ملین امریکی ڈالر کے 2825میگاواٹ کے 17منصوبے سی پیک میں شامل کرنے کیلئے تجویز کئے ہیں جبکہ ایشین ڈیویلپمنٹ بنک کے تعاون سے 300میگا واٹ کے بالاکوٹ ہائیڈل پراجیکٹ کیلئے کنسلٹنٹ ہائر کر دیا گیا ہے اسی طرح 150میگاواٹ کے شرمئی ہائیڈل پاور پراجیکٹ کا ایوارڈ جائنٹ وینچر کے تحت سفائر الیکڑک اور سینوہائیڈرو آف چائنہ کو دیا جارہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پشاور میں محکمہ توانائی و برقیات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری توانائی انجینئر نعیم خان ،چیف ایگزیکٹیو پیڈوخیبر پختونخوا اکبر ایوب ، چیف ایگزیکٹیو او جی سی ایل خیبر پختونخوا رضی الدین اور چیف پلاننگ آفیسر سید زین اﷲ شاہ نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں توانائی و برقیات کے شعبوں میں جاری ،نئے اور مجوزہ منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس کو جبوڑی ، لاوی ، کروڑہ ، دارل خوڑ ، مچئی اور مٹلتان پاور پراجیکٹس پر پیش رفت کے علاوہ چترال میں سیلاب سے متاثرہ 100 دیہات کو بجلی کی فراہمی کے بارے میں بھی بتایا گیا ۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ رن آف کینال کے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت پانچ میں سے دو منصوبے رواں ماہ کے آخر تک مکمل کر دئیے جائیں گے اور پائلٹ پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد اس پراجیکٹ کے تحت 160منصوبے شروع کئے جائیں گے۔اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ ایشین ڈیویلپمنٹ بنک کے تعاون سے ہیوی لوڈ شیڈنگ ایریاز میں 8ہزار سکولوں اور 182بی ایچ یوز کو شمسی توانائی فراہم کی جائے گی جبکہ 6ہزار گھروں کو پہلے ہی شمسی توانائی کی فراہمی کی منظوری دی جا چکی ہے ۔وزیر موصوف نے پہلے مرحلے میں 1ہزار مساجد کو سولر ائزیشن پراجیکٹ میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔وزیر توانائی نے مائیکرو ہائیڈل پاور پراجیکٹس پر کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 356میں سے 150پراجیکٹس مکمل کئے جا چکے ہیں اور باقی ماندہ پراجیکٹس کی تکمیل ہر صورت31دسمبر2017ء تک یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا کی شفاف پالیسیوں کی وجہ سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار صوبے کا رخ کررہے ہیں اور آئندہ ڈیڑھ سال میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام شعبوں میں سرمایہ کاروں کیلئے ماحول سازگار بنا دیا ہے اور وہ اب بلا خوف و خطر سرمایہ کرسکتے ہیں۔عاطف خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کا کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے جس کی وجہ سے خیبر پختونخو ا پورے ملک کیلئے رول ماڈل بن گیا ہے اور اب مرکزی و صوبائی حکومتیں ہماری پالیسیوں کی تقلید کررہی ہیں جو کہ انتہائی حوصلہ افزاء امر ہے