سانحہ لاہور کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،عارف شیرازی

سانحہ لاہور کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،عارف شیرازی

  

راولپنڈی( نیوز رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی اور جنرل سیکرٹری ضیااللہ چوہان نے لاہور میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ملک دشمن عناصر کی کارروائی قرار دیا ہے ۔ ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ سانحہ لاہور کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ اس اندوہناک واقعہ پر پوری پاکستانی قوم سوگوار ہے۔ ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔اللہ تعالیٰ شہدا کی قربانیوں کو قبول فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے نہایت ہی کاری وار کیا ہے۔حکومت کو سیکیورٹی امور کا بھی تفصیلی اور گہرائی میں جاکر جائزہ لینا چاہیے۔سیکیورٹی اداروں کی کمزوریوں اور غلطیوں پر بھی غور کرنے اور سخت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔قوم حکمرانوں کی محض رٹی رٹائی بیان بازی اور فوٹو سیشن سے تنگ آچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کو اپنی درندگی کا نشانہ بنانے والے اور ان کے سہولت کار انسانیت کے دشمن ہیں۔دین اسلام بے گناہ انسانوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ اس طرح کی بہیمانہ وارداتیں کرنے والے مسلمان نہیں ہوسکتے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت سانحہ لاہور کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کروا کر عوام کو اصل حقائق سے باخبر کرے اور اس واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -