صوبائی وزیرنغمہ مشتاق نے سست رفتار دفتر ی معاملات کا نوٹس لے لیا
ملتان (سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر زکوٰۃو عشر نغمہ مشتاق لانگ نے ضلعی زکوٰۃ آفس میں سست روی کا شکار معاملات کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور ہدایت جاری کی ہے کہ پندرہ روز کے اندر اندر (بقیہ نمبر12صفحہ12پر )
تمام معاملات درست کر لئے جائیں ورنہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلع ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا سے تعلق رکھنے والی ایم پی اے نغمہ مشتاق لانگ نے صوبائی وزارت زکوٰۃ و عشر کا قلمدان سنبھالتے ہی ضلع ملتان میں زکوٰۃکے معاملات براہ راست اپنی نگرانی میں لے لئے ہیں جس کا مقصد زکوٰۃکی رقوم کو شفاف طریقہ سے تقسیم کرنا ہے۔ انہوں نے ہیڈ آفس کو ہدایت کی ہے کہ ضلع ملتان کی آبادی بڑھ چکی ہے اس لئے لوکل زکوٰۃکمیٹیوں کی تعداد 558 سے بڑھا کر 1100 کی جائے جبکہ انہوں نے ضلع آفس کے ذمہ داران کو بھی سختی سے ہدایت کی ہے کہ تمام معاملات 15 دنوں میں ٹھیک کئے جائیں۔ واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ زکوۃچیئرمین ملتان میاں عامر سعید انصاری کی ذاتی مصروفیات کی وجہ سے چھوٹی بحالی سکیم کی قرعہ اندازی گزشتہ کئی ماہ سے نہیں ہو سکی جبکہ چیئرمین کی عدم موجودگی میں فنڈز کی تقسیم میں بھی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر نے ضلع ملتان کے اسپیشل فنڈز مختص کرنے کے لئے بھی ہیڈ آفس کو ہدایت کر دی ہے۔ اس سلسلہ میں شجاع آباد اور جلال پور کو خصوصی گرانٹ دی جائے گی۔