قلعہ سیف اللہ،بی آئی ایس پی کا گھر گھر سروے کا آغاز

قلعہ سیف اللہ،بی آئی ایس پی کا گھر گھر سروے کا آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


قلعہ سیف اللہ(پ ر) وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ، ایم این اے ماروی میمن نے قلعہ سیف اللہ میں NSERپائلٹ سروے کی افتتاحی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ بی آئی ایس پی کی قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری میں اندراج کیلئے بلوچستان کا کوئی گھرانہ نہیں چھوڑا جائیگا ۔ اس تقریب میں مقامی بزرگان اور معززین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ، ماروی میمن نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں گزشتہ سروے میں بلوچستان کی غریب عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا موجودہ سروے کے دوران ازالہ کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے نئے سروے کو کمپیوٹرائزڈ بنانے کا اقدام اٹھایا گیا ہے۔ گزشتہ سروے کے دوران قلعہ سیف اللہ میں تقریبا 30,900گھرانوں کا احاطہ کیا گیا تھا جو حقیقی طور پر اس علاقے میں غربت کو شمار نہیں کرتے۔ انہوں نے نئے سروے میں نادرااور دیگراداروں کے ذریعے ڈیٹا کی تصدیق سمیت کئی خصوصیات کی وضاحت کی۔ ضلع نصیر آباد میں بی آئی ایس پی کی جانب سے اپنائے گئے ڈیسک رجسٹریشن کے طریقہ کار کی کامیابی کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ گھر گھر سروے کے دوران متوقع 31,000گھرانوں کا احاطہ کیا گیا جبکہ بی آئی ایس پی نے ڈیسک رجسٹریشن کو استعمال کرتے ہوئے 60,000سے زائد گھرانوں کا اندارج کیا ہے جو کہ ایک قابل ذکر کامیابی ہے۔ NSERکی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ یہ سروے صرف غریبوں کیلئے نہیں ہے بلکہ پورا ملک اس سے مستفید ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مانیٹرنگ اور سپاٹ چیکس اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یہ سروے غیر سیاسی بنیادوں پر کیا جارہا ہے۔بی آئی ایس پی نے حال ہی میں فاٹا اور بلوچستان کے اضلاع قلعہ سیف اللہ اور کچھ سمیت تمام صوبوں اور علاقوں کے 16اضلاع میں گھر گھر سروے کا افتتاح کیا ہے۔ سروے کا ابتدائی مرحلہ مئی 2017میں مکمل ہوگا جس کے بعد اگست 2017کے دوران ملک گیر سروے کا آغاز کیا جائیگا۔ منسٹر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلوچستان، نواب ایاز خان جوگزئی نے اپنے خطاب میں ملک کے ہر کونے میں غریبوں تک پہنچنے پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے قلع سیف اللہ میں NSERسروے کے افتتاح پر چیئرپرسن کا شکریہ ادا کیا اور اس دوران بی آئی ایس پی کیساتھ اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔