بلڈرز کے پروجیکٹس پر قبضے ختم کرائیں گے،ڈی آئی جی ایسٹ

بلڈرز کے پروجیکٹس پر قبضے ختم کرائیں گے،ڈی آئی جی ایسٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اکنامک رپورٹر) ڈی آئی جی ایسٹ محمد عارف حنیف نے کہا ہے کہ بلڈرز کے پروجیکٹس اور پلاٹوں پر قبضے ختم کرائیں جائیں گے،لینڈ مافیا کی سرپرستی کرنے والے پولیس افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ایسٹ محمد عارف حنیف نے آباد کے ممبر بلڈرز کی زمینوں،پروجیکٹس اور پلاٹوں پر غیر قانونی قبضوں سے متعلق آگہی اور اس کے تدارک کے کے لیے ڈی آئی جی ایس محمد عارف حنیف نے اپنے ضلع کی پوری ٹیم کے ہمراہ آباد ہاؤس کا دورہ کیا ۔اس موقع پر چیرمین آباد محسن شیخانی، سینئر وائس چیئرمین محمد حسن بخشی ، آباد کی انسداد سب کمیٹی کے کنوینر سہیل ورند، ایس ایس پی فیصل عبداللہ،ایس پی گلشن اقبال ڈاکٹر فہد، ایس پی سہراب گوٹھ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد خان رند،مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز اور بلڈرز اور ڈیولپرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب میں لینڈ مافیا کے ہاتھوں ستائے آباد رکن بلڈرز نے شکایات کے انبار لگادیے۔ ڈی آئی جی محمد عارف حنیف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی میں آباد اہم کردار ادا کررہا ہے، آباد کے متحرک ہونے سے درجنوں دیگر صنعتوں کی پہیہ بھی چلتا ہے۔ بلڈرز کے پروجیکٹس اور پلاٹس پر غیر قانونی قبضے ختم کرانے کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے گی، کمیٹی بلڈرز کے پلاٹوں پر قبضے سے متعلق تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرے گی جسکے بعد قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔متعدد متاثرہ بلڈرز کی جانب سے ان کے پروجیکٹس پر قبضوں میں پولیس افسران کے ملوث ہونے کی شکایات پر ڈی آئی جی نے کہا کہ ملوث پولیس اہلکاروں کو نہ صرف معطل بلکہ انھیں ریورٹ بھی کیا جائے گا۔ عارف حنیف کا کہنا تھا کہ زمینوں پر غیر قانونی قبضوں کے لیے لینڈ مافیا جعلی دستاویز تیار کرتا ہے اس کے لیے ضروری ہے کہ محکمہ ریونیو،کے ڈی اے، کے ایم سی، واٹر بورڈ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور آباد کے ب2 ممبران پر اور آباد کے 2 ممبران پر مشتمل ایک فورم قائم کریں گے۔ اس موقع پر چیئرمین آباد محسن شیخانی نے کہا کہ کراچی شہر کی ترقی ہی ہم سب کی ترقی ہے انھوں نے تجویز پیش کی کہ انسداد تجاوزات کے حوالے ایک ضلع منتخب کرکے اسے پولیس کے ساتھ مل کر ایک ماڈل ضلع بنایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ اسکیم 33 اور گلستان جوہر میں زمینوں پر قبضے اور تجاوزات کی بھرمار ہے۔لینڈ مافیا اسلحے کے زور پر ہماری زمینوں پر قبضے کرلیتے ہیں جبکہ بھتہ خور بھتہ نہ ملنے پر سائٹس پر کریکر حملے کرتے ہیں۔ محسن شیخانی نے کہا کہ کراچی آپریشن کے بعد امن و امان کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔ ایک وقت تھا جب بلڈرز خاموشی کے ساتھ بھتہ دینے میں ہی عافیت سمجھتے تھے۔ لیکن رینجرز اور پولیس کی قربانیوں کی بدولت بلڈرز اور تاجر برادری کو حوصلہ ملا ہے اور وہ اب بھت خوروں اور لینڈ مافیا کے خلاف پولیس کا ساتھ دینا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر لاہور میں بم دھماکے کی مذمت کی گئی اور سانحے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔