محکمہ بلدیات کا عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے میں بڑا کردار ہے،سپیشل سیکرٹری بلدیات

محکمہ بلدیات کا عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے میں بڑا کردار ہے،سپیشل سیکرٹری ...

  

پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کے سپیشل سیکرٹری برائے بلدیات و دیہی ترقی شرافت ربانی نے کہا ہے کہ صوبے کے بڑے شہروں اور دیہی علاقوں میں لوگوں کے بنیادی مسائل کے حل میں محکمہ بلدیات کا کردار مثالی ہے مگر بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ مسائل پر قابو پانے میں دیگر محکموں کی شمولیت کی بھی اشد ضرورت ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور میں یونائیٹڈ نیشن ڈیویلپمنٹ پروگرام پاکستان (یو این ڈی پی) کے زیر اہتمام کمیونٹی آف پریکٹس آن سسٹین ایبل اربائزیشن کا منعقعدہ کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر یواین ڈی پی کے وقار خان اورعمر ملک کے علاوہ یو این ہیبی ٹائٹ مسز بیلا ،اربن یونٹ کے عدنا ن سلیم ،یونیورسٹی آف پشاور کے اختر علی شاہ اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ کے راشد ریحان و دیگر نے بھی شرکت کی۔مسز بیلا نے نیو اربن ایجنڈا پر تفصیلی بریفنگ کے دوران بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل اور ان کے حل کیلئے اٹھانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔سپیشل سیکرٹری نے کہا کہ صوبے میں بڑے شہروں میں بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل کے حل کیلئے موجودہ حکومت واضح حکمت عملی تشکیل دے رہی ہے جس کے نتیجے میں بڑے شہروں خصوصاً پشاور میں ٹریفک کے مسائل ، صحت، تعلیم، نکاسی آب، صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات پر عمل درآمد ممکن ہو سکے گا۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی شہری آبادی کے مسائل کو کنڑول کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور عوام میں اس سلسلے میں شعور اجاگر کرنے پر توجہ دینی چاہئیے۔سپیشل سیکرٹری بلدیات نے بڑھتی ہوئی شہری آبادی کے مسائل کے حل میں یو این ڈی پی کے کردار کو بھی سراہا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -