سندھی لوک کہانی پر مبنی احسن خان اور صباء قمر کی شارٹ فلم’’مومل رانو‘‘

سندھی لوک کہانی پر مبنی احسن خان اور صباء قمر کی شارٹ فلم’’مومل رانو‘‘

  

حسن عباس زیدی

احسن خان اور صبا قمر کے مرکزی کرداروں پر مشتمل شارٹ فلم’’مومل رانو‘‘ مکمل ہوگئی ہے جسے جلد ہی نجی چینل پرنشر کیا جائے گا۔یہ فلم سندھی لوک کہانی سے ماخوذ ہے جس کا سکرپٹ ظفر معراج نے تحریر کیا ہے جبکہ ڈائریکشن سراج الحق نے دی ہے۔ فلم میں کام کرنے والے دیگر فنکاروں میں حسین قادری،اسد قریشی،ممتاز کنول،سلمان سعید اور زینب جمیل شامل ہیں۔اس فلم کا نام پہلے’’محبت کی آخری کہانی‘‘ رکھا گیا تھا جسے بعد ازاں تبدیل کردیا گیاجسے کئی بین الاقوامی فلم فیسٹیولز میں بھی نمائش کے لئے پیش کیا جاچکا ہے جہاں اسے بہت پزیرائی ملی جبکہ اب اسے آئندہ ماہ ‘‘پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول’’ میں بھی پیش کیا جائے گا۔ فلم میں صبا قمر نے نگار اور احسن خان نے سرمد کا کردار کیا ہے، کہانی کے مطابق دونوں کا بچپن ایک ساتھ ہی گزرا جس کی وجہ سے وہ ایک دوسرے سے بے پناہ پیار کرتے ہیں اور ایک پل بھی دور نہیں رہ سکتے لیکن جب ان کی محبت شدت اختیار کرجاتی ہے تو صبا قمر کا والد ولن کے طور پر سامنے آتا ہے جہاں سے کہانی نیا موڑ لیتی ہے۔ فلم میں سندھی کلچر کی عکاسی نہایت خوبصورت اندازسے کی گئی ہے جبکہ یہ فلم زی ٹی وی کے اشتراک سے پروڈیوس کی گئی ہے۔اس بارے میں احسن خان نے’’پاکستان‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ’’مومل رانو‘‘ لازوال محبت کی کہانی ہے جسے ظفر معراج نے شاندار طریقے سے لکھا ہے جبکہ سراج الحق نے بہترین ڈائریکشن کا مظاہرہ کیا ہے جن کے ساتھ میں پہلے بھی بہت سے سپرہٹ پراجیکٹ کرچکا ہوں۔جہاں تک بات صباقمر کی ہے تو انہوں نے ونڈرفل اندازسے پرفارمنس دی ہے جو شائقین کو سحرزدہ کردے گی۔فلم میں محبت کے ساتھ ساتھ سندھ کے آرٹ اینڈ کلچر کی عکاسی بھی کی گئی ہے۔اس بارے صبا قمر کا کہنا ہے احسن خان اور میں نے جب بھی اکٹھے کام کیا ہے ہمیشہ اس کا رزلٹ شاندار انداز میں نکلتا ہے ،مجھے یقین ہے کہ اس بار بھی شائقین ہمیں’’مومل رانو‘‘ کے روپ میں ضرور پسند کریں گے۔ یہ فلم کلاسک انداز سے بنائی گئی جسے ہر کوئی پسند کرے گا۔فلم کا ٹائٹل سانگ’’ مجھے عشق میں رنگ دے ماہی‘‘بھی پسند کیا جارہا ہے۔

مزید :

ایڈیشن 2 -