ارکان صوبائی اسمبلی کا بسنت منانے کے حق میں فیصلہ
لاہور(جنرل رپورٹر) ارکان صوبائی اسمبلی نے محفوظ بسنت منانے کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے ، انکا کہنا ہے کہ لاہور میں بسنت کا میلہ سجنا چاہئے تاہم محفوظ انداز میں اگر کائٹ ایسوسی ایشن ضمانت دے کہ بسنت بطور تہوار اور کھیل منائی جائے گی تو حکومت کو اس کی اجازت دے دینی چاہئے ۔چونکہ بسنت کے تہوارنے لا ہورکودنیا بھرمیں منفردپہچان دی اس لئے ہم محفوظ بسنت کو منانے کے حق میں ہیں ۔تفصیلات کے طابق صوبائی وزیرخوراک بلال یاسین کا کہنا ہے کہ بسنت کے تہوار ارکومحفوظ اندازمیں منانے کے لئے تیار رہیں۔ بسنت کے حوالے سے ایسوسی ایشن گارنٹی دے کہ کسی کی جان نہیں جائیگی۔ رکن قومی اسمبلی سہیل شوکت بٹ، ایم پی اے ملک وحید کا کہنا ہے کہ بسنت کیلئے خاص جگہ مختص کی جائے توشہری اپنا شوق پوراکرسکتے ہیں۔ارکان صوبائی اسمبلی غزالی سلیم بٹ اورملک غلام حبیب اعوان کا کہنا ہے کہ بسنت کے تہوارنے لاہورکودنیا بھرمیں منفردپہچان دی۔ دنیا بھرسیسیاح بسنت منانے لاہورکا رخ کرتے تھے۔ حکومتی ارکان اسمبلی کا کہناہے کہ اگربسنت کومحفوظ طریقے سے مناناہے تو اس کے لئے کوئی خاص جگہ مخصوص کرنی چاہئے۔رکن اسمبلی ماجد ظہور اور یاسین سوہل نے کہا کہ اگر بسنت خون خرابے کا باعث نہ بنے لوگوں کی گردنیں نہ کاٹی جائیں تو یہ ایک بڑا موسمی اور تفریحی تہوار ہے اس سے بیرون ملک سے سیاح لاہور آئیں گے اور زرمبادلہ میں اضافہ ہو گا ۔رکن قومی اسمبلی ملک ریاض اور شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ بسنت کے تہوار منانے پر کوئی اعتراض نہیں یہ بہار کا تہوار ہے مگر بعض شر پسند لوگوں کی وجہ سے جو کیمیکل اور دھاتی ڈور کا استعمال کر کے انسانی زندگیوں کو نقصان بنانے کا باعث بنیں اس پر یہ تہوار بند ہو گیا