سرحدوں کی خلاف ورزی برداشت نہیں ، بھارتی آرمی چیف کی دھمکی پر گہری نظر ہے : خرم دستگیر

سرحدوں کی خلاف ورزی برداشت نہیں ، بھارتی آرمی چیف کی دھمکی پر گہری نظر ہے : ...

  

اسلام آباد (این این آئی) وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ملک ہے جس کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے ،اپنی کم سے کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھیں گے، ہماری سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہو رہی ، بھارتی آرمی چیف کی دھمکی پر پاکستان کی گہری نظر ہے،اب تک لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال 1300 خلاف ورزیاں ہو چکی ہیں جس میں 52 شہید اور 75 زخمی ہو چکے ہیں، سرحدوں کی خلاف ورزی مزید برداشت نہیں کی جائے گی ،پاکستان پرامن خودمختار اور ترقی کرتے افغانستان کا خواہاں ہے،افغانستان کی داخلی خودمختاری اور سالمیت کا احترام کرتے ہیں لیکن یہ عمل دوطرفہ ہونا چاہئے،پاک امریکہ تعلقات میں پیشرفت دھمکیوں اور امداد کی بندش سے نہیں جامع اور خوشگوار ماحول میں بات چیت سے ہوگی، گزشتہ ساڑھے چار سال میں حکومت نے ایران کیساتھ تعلقات کو وسعت دی ،سعودی عرب اور ترکی کیساتھ دوستی کے لازوال رشتوں کو مزید مستحکم بنانے پر یقین رکھتے ہیں ، امریکہ کو گزشتہ 16 برسوں میں کھربوں ڈالر خرچ کرنے کے بعد بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے۔ خرم دستگیر خان نے یہ بات سینیٹ اجلاس میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہی ۔شیری رحمن کے نکتہ اعتراض کے جواب میں مشاہد اﷲ خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے رواں سال آپریشنل اخراجات میں چھ ارب روپے کی کمی ہوئی ہے۔ پروازوں کی آمدورفت میں بھی بہتری آئی ہے۔ 2013ء میں پی آئی اے کے پاس 18 جہاز تھے، ان میں سے 16 آپریشنل تھے، اب پچھلے چار سالوں میں یہ تعداد بڑھ کر 36 ہو گئی ہے اور بھرتیاں بھی ماضی کی طرح نہیں کی گئیں۔ ہر حکومت کے دور میں پی آئی اے کی نجکاری کی بات کی گئی لیکن کسی نے اس کی نجکاری نہیں کی۔بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس (آج) جمعرات کو سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیاگیا۔

خرم دستگیر

اسلام آباد (این این آئی) وقفہ سوالات کے دوران سینٹ میں سینیٹر نزہت صادق اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کابینہ نے 2012ء میں نیشنل کلائمنٹ پالیسی کی منظوری دی۔ یہ ایک جامع پالیسی ہے، اس کے نتیجے میں بہت سے کام شروع ہو چکے ہیں۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کے نجی سکولوں کے اندرونی امتحانات میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کا بورڈ کے امتحانات میں داخلہ نہ بھیجنے کا معاملہ پیرا کے نوٹس میں آیا ہے اور اس پر ایک جامع پالیسی ترتیب دی جا رہی ہے۔شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ پی ٹی اے میں بھرتی کے لئے شارٹ لسٹنگ رولز کے تحت محکمانہ شارٹ لسٹنگ کمیٹی نے کی۔ چار لوگوں کو بلوچستان سے بھرتی کیا گیا ہے اور تمام صوبوں کا کوٹہ مقرر ہے۔پریذائیڈنگ افسر طاہر حسین مشہدی نے رولنگ جاری کی کہ وفاقی محکموں اور اداروں میں صوبوں کی اسامیوں پر بھرتیوں کے اشتہارات علاقائی اخبارات میں بھی دیئے جائیں۔دریں اثناسینٹ میں بلوچستان میں پرندوں کے غیر قانونی شکار سے متعلق معاملہ کی رپورٹ سمیت مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کر دی گئیں ۔ بلوچستان میں عرب شہزادوں اور مقامی ایم پی ایز کی طرف سے پرندوں کے غیر قانونی شکار سے متعلق معاملہ کے حوالے سے قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی رپورٹ ایوان میں پیش کر دی گئی ، نزہت صادق نے رپورٹ ایوان میں پیش کی۔ اجلاس میں کمیٹی کے کنوینئر سینیٹر مظفر حسین شاہ نے اس سلسلے میں تحریک پیش کی جس کی ایوان نے منظوری دے دی۔ چیئرمین سینیٹ نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ترمیمی) آرڈیننس 2018ء ایوان میں پیش کرنے سے روک دیا۔

سینٹ

مزید :

علاقائی -