میرا بیانیہ لوگوں کے دلوں میں گھر کر چکا، عدالت میں بیٹھے منصفوں نے بھی اللہ کو جوابدہ ہونا ہے : نواز شریف

میرا بیانیہ لوگوں کے دلوں میں گھر کر چکا، عدالت میں بیٹھے منصفوں نے بھی اللہ ...

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)مسلم لیگ (ن)کے سربراہ وسابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہاہے کہ ہمارا بیانیہ عوام کے دلوں میں گھر کر چکا ہے۔ووٹ کے تقدس کا پیغام ملک کے کونے کونے میں لیکر جائیں گے۔ لودھراں کے ضمنی انتخاب کا جونتیجہ آیا وہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔لودھراں کے عوام کا مشکور ہوں، دل چاہتا ہے کہ وہاں جا کر عوام کا شکریہ ادا کروں، یہ اللہ کی رضا اور فیصلہ ہے۔ عدالتوں میں بیٹھے منصفوں کو بھی اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں جوابدہ ہونا ہے، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے نا اہل کر دیا گیا۔ملک میں ووٹ کا احترام نہیں رہا اسے بحال اور قائم کرنا ہے، ووٹ کا احترام ہوگا تو ملک آگے بڑھے گا، تمام طبقوں کو ووٹ کا احترام کرنا چاہیے۔مفتی محمدحسین نعیمی ؒ اورڈاکٹر سرفراز نعیمی کی دینی وملی خدمات قابل ستائش ہیں۔جامعہ نعیمیہ سے تعلیم وتربیت کاحصول میر ے لیے فخرکی بات ہے۔یہ ادارہ نصف صدی سے زائد عرصہ سے دین اسلام اور ملک وقوم کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔نعیمی خاندان سے ہمارا روحانی رشتہ کئی دہائیوں سے قائم ہے اورانشاء اللہ تاحیات قائم رہے گا۔ان خیالات کاظہار انہوں نے گزشتہ روزبانی جامعہ نعیمیہ مفتی محمدحسین نعیمیؒ کی اہلیہ اورڈاکٹر سرفراز احمد نعیمی شہیدؒ کی والدہ ماجدہ کے انتقال پرڈاکٹر راغب نعیمی سے اظہارتعزیت کے بعد ان کی رہائش گاہ پرمیڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم خلوص سے ملک کی خدمت کر رہے ہیں مخالفین کو سوچنا چاہیے کہ انہوں نے گالی اور الزام تراشی کی سیاست کر کے لوگوں کو خراب کیا ہے۔ ووٹ کا تقدس ہونا چاہیے، 20 کروڑ عوام کے مینڈیٹ کی توہین نہیں ہونی چاہیے۔ گالی گلوچ اورالزام تراشی کی سیاست کرنے والوں کو صادق اورامین قراردیا گیا اورہم جوعوام کی خدمت کررہے ہیں انہیں گھربھیج دیا گیا۔

نواز شریف

مزید :

صفحہ اول -