ہر شہری کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا : شہباز شریف

ہر شہری کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا : شہباز شریف

  

لاہور،قصور(جنرل رپورٹر،بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر شہری کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ تعلیم، صحت اور عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبے حکومت پنجاب کی ترجیحات میں اولین ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس پروگرام سے کروڑوں لوگوں کی زندگیاں جڑی ہیں۔ لاہور سمیت پنجاب کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپنی تمام تر صلاحیتیں اور ممکنہ وسائل عوام کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے صرف کر رہا ہوں۔ میں اور میری ٹیم دن رات کام کرتے ہیں۔ پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں اعلیٰ ترین ادویات، جدید طبی آلات اور بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہاسپٹل ویسٹ کو مکمل اور محفوظ طریقے سے تلف کرنے کے فول پروف نظام کا نفاذ یقینی بنائیں گے۔ لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں جلد ہاسپٹل ویسٹ سسٹم لا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ خلق خدا کے لئے دن رات محنت کرنے والے سرکاری افسروں اور ملازمین کو سلام پیش کرتا ہوں لیکن کسی بھی سطح پر عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں کوتاہی اور لاپراوہی کا رویہ قطعاً برداشت نہیں کروں گا۔ عوامی خدمت پر مامور ہر شخص کو اپنی ذمہ داری سے متعلق جواب دینا ہوگا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خان، بیگم ذکیہ شاہنواز، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، شیخ علاؤالدین، خواجہ احمد حسان، چیف سیکرٹری، متعلقہ صوبائی سیکرٹریز اور دیگر حکام موجود تھے۔ شہباز شریف نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ( ن) کی حکومت کا ایجنڈا عوام کی خدمت ہے اورمسلم لیگ(ن) کے میگا پراجیکٹس کی وجہ سے مخالفین کو اپنا سیاسی مستقبل تاریک نظر آ رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ عوام کے لئے بہت جلد لوڈشیڈنگ ماضی کی یاد بن کر رہ جائے گی۔پنجاب کو شفافیت اور مالیاتی ڈسپلن کے لحاظ سے سبقت حاصل ہے اور ترقیاتی منصوبوں کو شفافیت کے ساتھ جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہاہے۔پنجاب کے ترقیاتی منصوبے دوسروں کے لئے مثال بن چکے ہیں۔عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لئے مزید ترقیاتی منصوبے بنائیں گے ۔ وزیراعلی محمد شہبازشریف نے یہ بات صوبائی وزراء ملک ندیم کامران اور سید زعیم حسین قادری سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ شہبازشریف پھولنگر لمبے جاگیر میں رکن قومی اسمبلی رانا محمد حیات خان کی رہائشگاہ پر گئے۔وزیراعلیٰ نے اراکین قومی اسمبلی رانا محمد حیات خان او ررانا محمد اسحاق خان کے والد ،سپیکرپنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان کے چچا اور چیئرمین ضلع کونسل قصور رانا سکندر حیات خان کے دادا رانا محمد نثار خان کے انتقال پر غمزدہ خاندان سے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ نے رانا محمدحیات خان ،رانامحمد اقبال خان اورسوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اورمرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ وزیراعلی محمدشہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رانا محمد نثار خان مرحوم نے اپنے علاقے کے عوام کی دل و جان سے خدمت کی ہے اور ان کی سیاسی و سماجی خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائے گا ۔مرحوم ملنسار اور شفیق شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے کہاکہ رانا محمد نثار خان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی رہے گی۔مجھے ان کے انتقال پر دلی دکھ ہوا ہے ۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ آپ سب کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف چین کے قونصلیٹ گئے اور چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن(Mr. Long Dingbin) سے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ،پاک چین تعلقات کے فروغ اورسی پیک کے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلیٰ نے چین کے نئے سال کی آمد پر چینی قونصل جنرل کو مبارکباد دی اور چین کے صدرشی جن پنگ ،وزیراعظم ،کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی قیادت اورچینی عوام کو بھی نئے سال کی آمد پر مبارکباد دی۔چینی قونصل جنرل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے منصوبوں کو حیران کن رفتار سے مکمل کر کے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے او رشہبازشریف نے اپنی محنت اورویژن سے پاکستان کیلئے مثالی کردارادا کیا ہے ۔شہبازشریف کی پرعزم قیادت کے باعث صوبہ پنجاب میں ترقی کے نئے معیار قائم ہوئے ہیں۔چین کی قیادت بھی شہبازشریف کی محنت کی معترف ہے ۔انہوں نے کہاکہ سی پیک کے منصوبوں کوجس شفافیت کیساتھ آگے بڑھایاگیاہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔انہوں نے کہاکہ توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان کے اندھیرے چھٹ گئے ہیں۔ چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن نے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف معروف قانون دان وسابق صدر سپریم کورٹ بار عاصمہ جہانگیرمرحومہ کی رہائش گاہ گئے ۔ وزیراعلی نے عاصمہ جہانگیر مرحومہ کے انتقال پر غمزدہ خاندان سے گہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیا ۔وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا۔وزیراعلی نے ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دینے پر عاصمہ جہانگیر مرحومہ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلی نے کہاکہ عاصمہ جہانگیرنے آئین اور قانون کی بالادستی کے لئے عملی جدوجہد کی اور آزاد عدلیہ کی تحریک میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا۔

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -