جماعت الدعوۃ ، فالح انسانیت کے اثاثے منجمد کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی حکومت نے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے منقولہ، غیر منقولہ اور انسانی وسائل پر پابندی لگاتے ہوئے اثاثے منجمد کرنے کی ہدایت کر دی ۔حکومت نے تمام صوبوں کو بھی اس حوالے سے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ یاد رہے جما عت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاونڈیشن پر پابندی کا نوٹیفیکیشن 10 فروری کو جاری کیا گیا۔ اس سے قبل وفاقی حکومت نے جماعت الدعوۃ، لشکر طیبہ اور فلاح انسانیت سمیت دیگر کالعدم جماعتوں کے عطیات اور چندہ جمع کرنے پر بھی پابندی عائد کی تھی۔ دریں اثنا حکومت پنجا ب نے راولپنڈی میں جماعت الدعوۃ کے زیر انتظام مدارس اور صحت کے مراکز کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لینے کی مہم کا آغاز کردیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مہم کے دوران حکومت پنجاب نے راولپنڈی کے چکرا روڈ پر واقع مدرسہ حدیبیہ کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے کر محکمہ ا و قاف کو اس کے انتظامی امور کی ذمہ داری سونپ دی۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے بھی شہر میں موجود جماعت الدعوۃکے فلاحی ادارے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن (ایف آئی ایف) کے زیر انتظام 4 صحت کے مراکز کا کنٹرول بھی اپنے ہاتھ میں لے لیا۔وفاقی حکومت نے کمپنیوں اور مخیر حضرات کو بھی جماعت الدعوۃ، ایف آئی ایف اور اقوامِ متحدہ کی سکیورٹی کونسل (یو این ایس سی) کی جانب سے جاری کردہ کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل جماعتوں کو چندہ دینے سے روک دیا ہے۔خیال رہے گزشتہ ماہ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جانب سے تمام کمپنیز کو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جس میں اقوامِ متحدہ کی جانب سے کالعدم قرار دی جانے والی تنظیموں کو چندہ دینے سے روک دیا گیا تھا۔راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب انہیں 4 مدارس کے نام موصول ہوئے جس کے بعد انتظامیہ نے ان مدارس کا دورہ کیا جس کے حوالے سے جماعت الدعوۃ نے تردید کی کہ جماعت کا ان مدارس کیساتھ کوئی تعلق نہیں ۔ صوبائی حکومت کی جانب سے مدرسہ حدیبیہ کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا گیا ہے جو ایک سکول، کالج اور مدرسے پر محیط ہے۔راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کے حکام کا کہنا تھا حکومت نے حدیبیہ مدرسے کی مالی امداد اور اس کے اخراجات کی جانچ کرنے کے لیے اس کا آڈٹ شروع کردیا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ مذکورہ مدرسے میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ اور یہاں درس دینے والے اساتذہ کے تفصیلات سے آگاہ کریں۔ضلعی انتظامیہ کے حکام نے بتایا حکومت نے اس کام کو انجام دینے کیلئے پولیس، محکمہ اوقاف اور ضلعی انتظامیہ کے افسران پر مشتمل ایک ٹیم بھی تشکیل دیدی ہے، اسی طرح کی کارروائیوں کا آغاز صوبے کے دیگر اضلاع اٹک، چکوال اور جہلم میں بھی کیا جائے گا۔راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر طلعت محمود گوندل نے تصدیق کی ہے کہ صوبائی حکومت نے جماعت الدعوۃ اور ایف آئی ایف کے زیرِ انتظام مدارس اور صحت کے مراکز کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا۔
جما عت الدعوۃ