حافظہ آباد، خواتین کی ریڑھ کی ہڈی سے پانی، دوسرا مواد نکالنے پر 2ملزمان کیخلاف مقدمہ درج

حافظہ آباد، خواتین کی ریڑھ کی ہڈی سے پانی، دوسرا مواد نکالنے پر 2ملزمان ...

  

حافظ آباد (نمائندہ پاکستان+ڈسٹرکٹ رپورٹر ) حافظ آباد میں غریب خواتین کو جھانسہ دے کر ان کی ریڑھ کی ہڈی سے پانی اور دیگر مواد نکالنے والے ملزمان کے خلاف دو نئے مقدمات درج کر لیے گئے ۔ملزمان کے خلاف درج مقدمات کی تعداد تین ہو گئی۔نئے درج کردہ مقدمات میں دہشت گردی، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔جبکہ ملزمان کے ظلم کا شکار مزید 7 خواتین کا میڈیکل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے مکمل کر لیا گیاجبکہ گروہ کے سرغنہ ندیم اور ساجد کاپولی گراف ٹیسٹ بھی کروایا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق حافظ آباد میں جہیز فنڈز اور مالی امداد کا جھانسہ دیکر غریب خواتین کی ریڈھ کی ہڈی سے پانی اور دیگر موادنکالنے والے ملزمان سے تفتیش کا عمل جا ری ہے ،گروہ کے ظلم کا شکار مزید آٹھ خواتین سامنے آنے پرمتاثرہ خواتین کی تعداد چوبیس ہوگئی ۔متاثرہ خواتین کا کہنا تھا کہ انہیں جہیز فنڈز اور امدا کا جھانسہ دیکر نیم اپاہج کر دیا گیا جس وجہ انہیں کام کاج اور چلنے پھرنے مشکلات کا سامنا ہے۔ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر ریحان اظہر کا کہنا ہے کہ متاثرہ خواتین کی تعداد چوبیس ہو گئی ہے جن کے میڈیکل کیے جا رہے ہیں ،محکمہ صحت پنجاب کی ٹیم بھی معاملہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔پولیس نے گرفتار ملزمان ندیم اور ساجد کو پولی گراف ٹیسٹ پنجاب سائنس فرانزک لیبارٹری لاہور سے کروائے ہیں۔دوسری جانب سٹی پولیس نے شازیہ بی بی زوجہ فضل احمد اورسیف اللہ ولد غلام رسول کی مدعیت میں دو مختلف مقدمات بھی درج کر لیے جن میں ATA6/7، 324، 420، 170،171دفعات شامل ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی جا رہی ہیں جس کے لئے پولیس افسران پر مشتمل کمیٹیاں ملزمان سے تفتیش کر رہی ہیں،فرانزک لیب کی رپورٹ کے بعد جلد اصل حقائق سامنے آجائیں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -