سیدھے سادے فیصلے کو غلط رنگ دینا بد قسمتی : چودھری نثار

سیدھے سادے فیصلے کو غلط رنگ دینا بد قسمتی : چودھری نثار

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے نواز شریف نے جی ٹی روڈ سے جانے کا فیصلہ صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے بعد کیا تھا۔ترجمان چوہدری نثار کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے مری میں نواز شریف کی زیر قیادت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت پا رٹی کے 10 سے 11 اراکین موجود تھے، ایک دو ارکان کے علاوہ پارٹی کی سینئر قیادت نے سکیورٹی وجوہات کی بناء پر نواز شریف کو بذریعہ موٹر وے لاہور جانے کا مشورہ دیا تھا۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا تھا ہر انٹرچینج پر نواز شریف کا استقبال کیا جائے گا۔ مری کی میٹنگ کا فیصلہ ریکارڈ پر موجود ہے اور اگلے روز کے اخبارات میں بھی میٹنگ کا فیصلہ شائع ہوا تھا۔ اس فیصلے میں تبدیلی کسی سیاستدان کے مشورے سے نہیں ہوئی ۔سابق وزیر داخلہ کے ترجمان کے وضاحتی بیان میں مزید کہا گیاہے اس مشورے کے بعد نواز شریف نے چوہدری نثار کو ٹیلی فو ن کر کے کہا سکیورٹی وجوہات کے باوجود وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو جی ٹی روڈ کے پروگرام پر قائل کریں،جس پر چوہدری نثار نے شہبا ز شریف سے ملاقات کے بعد بھری محفل میں بتایا شہباز شریف اس پروگرام پر آمادہ ہیں۔آج کل کے ماحول میں چونکہ ہر سیاسی بیان بڑی خبر بن جاتا ہے اور ہر خبر کو سچ بنا کر پیش کر دیا جاتا ہے اس لئے وضاحت ضروری ہے۔ اس سیدھے سادے عمل کو میڈیا کلپ کے ذریعے غلط رنگ دینا بدقسمتی ہے۔ترجمان نے کہاجہاں تک کسی کا نواز شریف کو جہاز پر جانے کامشورہ دینے والے کا تعلق ہے اس کے بارے میں نواز شریف ہی بتا سکتے ہیں مگر میٹنگ کے دوران کسی نے بھی یہ مشورہ نہیں دیا تھا، بہتر ہے اس شخص کی بھی نشاندہی کر دی جائے تا کہ اس سارے قصے میں غیر ضروری ڈرامائی عنصر ذائل ہو جائیں۔واضح رہے گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے ٹویٹر پر ویڈیو پوسٹ کی گئی تھی جس میں وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کو بھری محفل میں نواز شریف سے لاہور کیلئے بذریعہ موٹر وے جانے سے متعلق سوال کرتے دیکھے جا سکتا ہے۔خیال رہے چند روز قبل چوہدری نثار نے دوٹوک الفاظ میں پارٹی کو پیغام دے دیا تھا وہ مریم نواز یا حمزہ شہباز کے ماتحت کام نہیں کریں گے۔

چوہدری نثار

مزید :

کراچی صفحہ اول -