ظم وستم و بربریت کے باوجودکشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں،سجاد لطیف

ظم وستم و بربریت کے باوجودکشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں،سجاد لطیف

  

مظفرآباد(بیورورپورٹ)ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد لطیف نے بلوچستان سول سروس اکیڈمی کے وفد کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر اور موجودہ صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد لطیف نے وفد کو مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی طرف سے ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی اورسلائیڈز کے ذریعے بھارتی مظالم کی عملی تصاویر سے وفد کو آگاہ کیا۔انہوں نے وفد کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے ظم وستم و بربریت کے باوجودکشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں،جب تک کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت نہیں ملتا اس وقت تک جنوبی ایشیاء میں امن قائم نہیں ہوسکتا،مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان بھرپور طریقے سے کشمیریوں کی وکالت کر رہا ہے ،دنیا بھر میں پاکستان کشمیریوں کیلئے آواز بلند کر رہا ہے۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ ہندوستان نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو سلب کر رکھا ہے۔ مسئلہ کشمیر ڈیڑھ کروڑ سے زائد کشمیریوں کے بنیادی حق، حق خودارادیت کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انسانی حقوق کے عالمی چارٹر اور بین الاقوامی قوانین میں کشمیریوں کو حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کا حق دے رکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست جموں وکشمیر کبھی بھی ہندوستان کا حصہ نہیں رہا ہے اور تقسیم برصغیر کے اصولوں کے مطابق ریاست جموں وکشمیر کو پاکستان کاحصہ ہونا تھا مگر ہندوستان نے اس پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اور اس قبضہ کے خلاف کشمیری 1947ء سے لے کر آج تک جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قومی تہوار پر کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا مظاہر کرتا ہے،پاکستان عوام کے بھی ہم بے حد مشکور ہیں کہ وہ ہر جگہ پر کشمیریوں کی آواز میں آواز ملارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر لبریشن سیل مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کی مانیٹرنگ اور سوشل میڈیا پر معلومات شیئر کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کے زیر اہتمام ہر ماہ کشمیر ٹوڈے میگزین کی اجرائیگی کی جاتی ہے جس میں دانشوروں،آرٹیکلز اورکشمیر کے حوالہ سے تازہ معلومات رسالے کا حصہ ہوتی ہیں۔اس موقع پر سوال وجواب کا سیکشن بھی ہوا وفدنے مختلف سوالات بھی کیے جن کے جوابات ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد لطیف نے دیئے۔بریفنگ کے احتتام پر ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد لطیف نے وفد کے سربرا ہ کو یادگاری شیلڈبھی دی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -راولپنڈی صفحہ آخر -