آزاد کشمیر حکومت ،انجمن تاجران،پراپر ٹی مالکان مابین مذاکرات کامیاب ،ہڑتال کی کال موخر
مظفرآباد(بیورورپورٹ) آزاد کشمیر حکومت اور آل آزاد کشمیر مرکزی انجمن تاجران و پراپرٹی آنرز کے مابین مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد ہڑتال ایک ماہ کیلئے موخر کردی گئی ہے اور حکومت نے ڈبل ٹیکس واپس لینے کیلئے اعلان کرتے ہوئے ہڑتال کی کال واپس لینے کی اپیل کی ہے ۔ وزیراعظم فاروق حیدر کی طرف سے وزیر حکومت چوہدری سعید کی سربراہی میں قائم کردہ کمیٹی کے اسلام آباد میں انجمن تاجران کی قیادت سے مذاکرات ہوئے جس میں آل آزاد کشمیر مرکزی انجمن تاجران کے صدر افتخار فیروز ، سیکرٹری جنرل شوکت نواز میر سمیت عہدیداران ، نمائندگان شامل تھے ۔ مذاکرات میں تمام تر تجاویز کو زیر غور لاتے ہوئے اتفاق ہوا کہ کمیٹی یہ ٹیکس واپس کرنے کی سفارشات پیش کرے گی اور حکومت تمام قانونی پیچیدگیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کا حل نکالے گی ۔ مذاکرات میں پراپرٹی آنرز ایسوسی ایشن مظفرآبادکے نمائندگان نے بھی شرکت کی ۔ مذاکرات میں جن پراپرٹی آنرز نے ادائیگیاں کردی ہیں ان کے حوالے سے بھی مشاورت ہوگی جس پر وزیرحکومت نے قانونی طریقہ کار سے ان کی ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے یقینی دہانی کروائی ہے ۔ مرکزی انجمن تاجران کی جانب سے چوہدری نعیم چیف آرگنائزر ، سردار افتخار زمان چیئرمین ، ملک یعقوب سینئر نائب صدر ، سردار شہزاد سیکرٹری مالیات ، مسعود بیگ ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ، محمد انعام بخاری ، محمد فاروق چوہان ، انجینئر خالد پرویز بٹ بھمبر ، محمد اعجاز مغل کوٹلی ، کفایت الرحمان پلندری ، راجہ عبدالرحیم کوٹلی ، محمد ہارون پلندری ، عبدالرحمان پلندری ، جمیل احمد منہاس کوٹلی ، جبکہ پراپرٹی آنرز ایسوسی ایشن کی طرف سے خواجہ فاروق احمد ایڈووکیٹ لیگل ایڈوائزر ، شیخ مقصود احمد چیئرمین ، راشد اعوان زرگر نائب صدر ، صلاح الدین شاہ سیکرٹری اطلاعات ، ساجد غفار بٹ سینئر نائب صدر نے شرکت کی ۔ حکومت کی اپیل پر افتخار فیروز اعوان ، شوکت نواز میر نے اعلان کیا کہ ایک ماہ کیلئے ہڑتال موخر کرتے ہیں اگر وعدے کے مطابق ٹیکس کا خاتمہ نہ کیا گیا تو بھرپور احتجاج اور ہڑتال کے فیصلے پر پوری قوت سے عملدرآمد ہوگا۔