ایس ایس پی تشدد کیس: عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ اور بریت کی درخواست دائر

ایس ایس پی تشدد کیس: عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ اور بریت کی درخواست دائر
ایس ایس پی تشدد کیس: عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ اور بریت کی درخواست دائر

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس میں حاضری سے استثنیٰ اور اور بریت کیلئے درخواست دائر کرادی۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے ایس ایس پی تشدد کیس کی سماعت کی اور موقع پر عمران خان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران عمران خان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ اور بریت کی درخواست جمع کرائی گئیں جس پر عدالت نے انہیں دونوں درخواستوں کی نقول پراسیکیوشن کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

عمران خان کے وکیل بابر اعوان سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث پیش نہ ہوئے، ایڈووکیٹ شاہد نسیم گوندل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فرد جرم عائد کرنے سے پہلے بریت کی درخواست پر فیصلہ کیا جائے۔

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ 'ایک آدمی سیاسی احتجاج کرے اور اس کے خلاف کیسز بن جائیں، میرے خلاف کیسز سراسر غیر جمہوری عمل ہے' جس پر فاضل جج نے کہا کہ کیس عدالت میں ہے اور ہم کو طریقہ کار پر عمل کرنا ہے۔

عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ درخواستوں پر بحث کےلئے سماعت یکم مارچ کو مقرر کرلیتے ہیں جس پر عمران خان کے وکیل نے کہا کہ کیا آئندہ سماعت پر بھی ملزم کو آنا پڑےگا۔

عدالت نے قرار دیا کہ ابھی حاضری سے استثنیٰ نہیں ملا تو ملزم کو آنا پڑےگا جس کے بعد فاضل جج نے کیس کی سماعت 26 فروری تک کےلئے ملتوی کردی۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -علاقائی -اسلام آباد -