اب ہم پشاور میں میٹروبس بنائیں گے، شہبازشریف نے اعلان کردیا

اب ہم پشاور میں میٹروبس بنائیں گے، شہبازشریف نے اعلان کردیا
اب ہم پشاور میں میٹروبس بنائیں گے، شہبازشریف نے اعلان کردیا

  

وہاڑی (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے عمران خان کو جھوٹوں کا آئی جی قراردیتے ہوئے کہاکہ ان سے پشاور میں میٹروبس نہیں بنتی، پشاور کے لوگوں نے ن لیگ کو ووٹ دیا تو ہم میٹروبس بنائیں گے ،لودھراں کے ضمنی انتخاب میں اللہ نے فرشتہ صفت انسان جس نے کبھی ہیلی کاپٹر میں سفر نہیں کیا، اسے چن کر کامیابی سے ہمکنار کیا اور علی ترین کی شکست بد ترین شکست بن گئی،اب  اگلے الیکشن میں مداریوں ،زرداریوں اور جھوٹے خانوں کو بھی شکست ہوگی، آصف زرداری اور عمران خان ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں ، ان کے صوبے میں ڈینگی آیاتو  یہ پہاڑوں پر چڑھ گئے تھے۔

بورے والا میں بڑے جلسہ عام سے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کاکہناتھاکہنوازشریف نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ 5 سال میں لوڈ شیڈنگ ختم کر دیں گے، ساڑھے 4 سالوں میں ہی ملک سے اندھیرے دور ہو گئے ہیں،سی پیک، وفاق اور پنجاب نے مل کر 10 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائےعمران خان کہتے ہیں خیبرپختونخوا میں 74میگاواٹ بجلی پیداکی،عمران خان بتائیں کہ 74میگاواٹ بجلی کہاں ہے؟عمران خان نے بہت جھوٹ بول لیااب گھرچلے جائیں۔شہبازشریف نے کہاکہ نوازشریف کی لیڈرشپ میں سی پیک کے منصوبے لگے، 70سال میں کسی نے بجلی کے اتنے منصوبے نہیں لگائے،ہم کراچی،پشاوراورکوئٹہ کولاہوربنائیں گے ، کراچی میں ہرطرف کوڑا نظرآتا ہے،

آصف زرداری کہتے ہیں کہ وہ ملک کی لوٹی دولت واپس لائیں گے ، آصف زرداری غریبوں کی لوٹی دولت واپس لے آئیں۔انہوں نے کہا کہ  اللہ نے ہمیں لودھراں میں عزتوں سے نوازا، این اے 154 میں ضمنی الیکشن میں ترین صاحب نے کروڑوں اربوں روپے خرچ کیے لیکن لودھراں کے ووٹرز نے نیک اور درویش صفت اقبال شاہ کو منتخب کیا،جہانگیر ترین نے ہیلی کاپٹر اور پیسے کا بے دریغ استعمال کیا، لوگوں کو فی ووٹ کے حساب سے 5 ہزار روپے دیے گئے لیکن عوام نے امیر ترین جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کو بدترین شکست دی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے عمران خان کو جھوٹوں کا آئی جی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب پشاور میں ڈینگی آیا تو خان صاحب بھاگ کر پہاڑوں پر چڑھ گئے، وہاں دوائیاں اور میڈیکل ٹیمیں ہم نے بھجوائیں، خان صاحب نے خود کوئی کام نہیں کیا اور یہاں آ کر ترقیاتی کاموں میں رخنا ڈال رہے ہیں، انہوں نے چینی صدر کے دورہ پاکستان میں 7 ماہ کی تاخیر کروائی، دھرنے نہ ہوتے تو ترقیاتی کام 7 ماہ پہلے پورے ہوتے،نیازی صاحب کو مشورہ دیتا ہوں کہ جتنا جھوٹ بولنا ہے بول کر گھر چلے جائیں کیونکہ سیاست آپ کا کام نہیں ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب کہتے ہیں کہ لوٹی ہوئی دولت واپس لاؤں گا، زرداری صاحب اب بھی وقت ہے کہ جوعوام کی دولت آپ نےلوٹی ہے واپس لے آئیں، 2018 کے الیکشن کے بعد زرداری کی لوٹی دولت واپس لا کرعوام کے قدموں میں رکھیں گے،عمران خان اور آصف زرداری نے اپنے صوبوں میں کچھ نہیں کیا، دونوں اپنے صوبوں کے عوام کو منہ نہیں دکھا سکتے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے وہاڑی میں زرعی یونیورسٹی اور دریائے ستلج پر پل بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن جیت کر کراچی، پشاور اور کوئٹہ کو بھی لاہور بنا دیں گے اور انشاءاللہ اقبال اور قائد کا خواب پورا ہو گااور مسلم لیگ (ن) پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کردے گی۔

تفصیلی خطاب کی ویڈیو دیکھئے 

مزید :

قومی -علاقائی -پنجاب -وہاڑی -