’آجاﺅ ہماری بانہوں میں اور۔۔۔‘ ویلنٹائن ڈے کے موقع پر پولیس نے اشتہاری چور کے نام ایسا پیغام سوشل میڈیا پر جاری کردیا کہ پوری دنیا ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوگئی

’آجاﺅ ہماری بانہوں میں اور۔۔۔‘ ویلنٹائن ڈے کے موقع پر پولیس نے اشتہاری چور ...
’آجاﺅ ہماری بانہوں میں اور۔۔۔‘ ویلنٹائن ڈے کے موقع پر پولیس نے اشتہاری چور کے نام ایسا پیغام سوشل میڈیا پر جاری کردیا کہ پوری دنیا ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوگئی

  

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ویلنٹائنز ڈے پر محبت کرنے والے تو ایک دوسرے کو پیار بھرے پیغامات بھیجتے ہی ہیں لیکن اس بار برطانوی پولیس نے ویلنٹائنز ڈے پر ایک ایسے شخص کو محبت نامہ بھیج دیا کہ سن کر آپ کے لیے ہنسی روکنا مشکل ہو جائے گا۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق سسیکس پولیس نے یہ محبت نامہ ایک اشتہاری چور کے نام بھیجا ہے جو اس وقت مفرور ہے اور سرتوڑ کوششوں کے باوجود پولیس کے ہاتھ نہیں لگ رہا، بلکہ الٹا سوشل میڈیا پر پولیس کا تمسخر اڑاتاپھر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کچھ عرصہ قبل پولیس نے اس کی اطلاع دینے والے کے لیے 500پاﺅنڈ انعام کا اعلان کیا جس پر اس نے اپنے فیس بک اکاﺅنٹ پر لکھا کہ ”پولیس کے اعلان پر میں بہت افسردہ ہوا ہوں، کیا میری اوقات صرف 500پاﺅنڈ کی ہے؟“اب پولیس نے ویلنٹائنز ڈے پر اس کے نام ایک خط سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا ہے جس میں اس نے لکھا ہے کہ ”شرارتی شرارتی۔۔ ورتھنگ کے رہائشی ڈین میزریل! جیل کافی عرصے سے تمہارا انتظار کر رہی ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ تم ہماری محبت بھری بانہوں میں واپس آ جاﺅ۔“سسیکس پولیس کی یہ پوسٹ جنگل کی آگ کی طرح سوشل میڈیا پر پھیل گئی اور جس نے بھی دیکھی ہنسی سے لوٹ پوٹ ہو گیا۔واضح رہے کہ ڈین میزریل کو چوری کے الزام میں قید کی سزا ہوئی تھی تاہم معطل سزا کے باعث اسے ضمانت پر رہا کر دیا گیا لیکن جب اس کی قید شروع ہونے کا وقت قریب آیا تو وہ فرار ہو گیا اورکئی ماہ گزرنے کے باوجود پکڑا نہیں جا سکا۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -بین الاقوامی -