سی پیک منصوبے میں تاخیر کی وجہ دھرنا نہیں، شہباز شریف بولتے وقت یاد رکھا کریں وہ کرپٹ ترین شخص کے بھائی ہیں: میاں محمود الرشید
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے وزیراعلیٰ پنجاب کے بورے والا جلسہ عام مٰیں خطاب اور تحریک انصاف پر کی جانے والی تنقید پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے میں تاخیر کی وجہ دھرنا نہیں، چین حکمرانوں کی کرپشن پر تحفظات رکھتاتھا اورنواز شریف کی ضمانت دینے والا کوئی نہیں تھا،وزیراعلیٰ پنجاب فنکاریوں اور ڈرامہ بازیوں میں نمبر ون ہیں،ان کا شعبدہ بازیوں میں کوئی ثانی نہیں، وزیراعلیٰ بولتے وقت یاد رکھا کریں وہ کرپٹ ترین شخص کے بھائی ہیں۔
احاطہ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا کہ لوگوں کو آشیانہ کا جھانسہ دینے والا خادم نہیں ہو سکتا، پنجاب کا ہر منصوبہ فراڈ اور کرپشن سے آلودہ ہے، لوگوں کو آشیانہ سکیم کے تحت گھر ملا ہوتا تو نیب وزیراعلیٰ کو طلب کرتا اور نہ ہی جعلی خادم اعلیٰ کو یہ دن دیکھنا پڑتے۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ شہبازشریف عوام کو مزید دھوکہ نہیں دے سکتے، قوم جھوٹے دعوؤں سے بیزار ہے، شہباز شریف اپنے طویل ترین دور اقتدار میں کسانوں کو ریلیف دے سکے،نہ بنیادی انسانی حقوق انکی ترجیحات میں کبھی رہے، عوام انسانی فضلہ اور آرسینک ملا پانی پینے پر مجبور ہیں، پنجاب کے ایک کروڑ14لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں ایک ایک بیڈ پر دو، دو تین، تین مریض لیٹے ہیں، غریب عوام کو مفت ادویات کی فراہمی خواب ہے، سڑکوں پلوں سمیت تمام میگا پراجیکٹ کرپشن سے آلودہ ہیں، ان سارے حقائق اور ناکامیوں کے بعد بھی وزیراعلیٰ معلوم نہیں عوام میں کیسے چلے جاتے ہیں؟انہیں تو میرٹ پر انہیں ناکامیوں پر مستعفی ہو جانا چاہئے۔