پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھل رہی اور بند ہونے والے کارخانے بحال ہو رہے ہیں:احسن اقبال

پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھل رہی اور بند ہونے والے کارخانے بحال ہو رہے ...
 پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھل رہی اور بند ہونے والے کارخانے بحال ہو رہے ہیں:احسن اقبال

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ پانچ سال کے دوران بجلی بحران کے خاتمے اور دہشت گردی پر قابو پانے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں،سی پیک سے پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھل رہی ہیں، بند ہونے والے کارخانے بحال ہو رہے ہیں۔

 ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں سفارتخانہ پاکستان میں نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے رہنماؤں اور سماجی شخصیات کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئےوفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ 5سال قبل جب حکومت برسر اقتدار آئی تو 6ہزار سے 7ہزار میگاواٹ بجلی ضرورت سے کم پیدا ہورہی تھی، پورے ملک میں لوڈشیڈنگ ہورہی تھی، اب لوڈشیڈنگ بہت کم ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 سال قبل ملک میں دہشت گردی کی یہ حالت تھی کہ کراچی جیسے شہر سے سرمایہ کار و کاروباری لوگ بھاگ کر دبئی، ملائیشیا اور کینیڈا جارہے تھے، 100کارخانے بند ہونیوالے تھے، اب یہ کارخانے بحال ہوگئے ہیں، کراچی میں بھتہ مافیاکا راج خاتم ہوگیا ہے، اب دہشت گردی پر کافی حد تک قابو حاصل کرلیا گیا ہے اور دہشت گرد ملک سے بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک سے 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے چین کیساتھ طے ہوئے تھے جن میں 29ارب کی سرمایہ کاری پاکستان میں آچکی ہے، سی پیک سے پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں۔

مزید :

قومی -