بلوچستان سرمایہ کاری کے لئے ایک پرکشش خطہ بن کر ابھررہا ،حکومت سرمایہ کاروں کو بہتر سہولیات اور سیکیورٹی کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے:وزیر اعلیٰ عبدالقدو س بزنجو

بلوچستان سرمایہ کاری کے لئے ایک پرکشش خطہ بن کر ابھررہا ،حکومت سرمایہ کاروں ...
بلوچستان سرمایہ کاری کے لئے ایک پرکشش خطہ بن کر ابھررہا ،حکومت سرمایہ کاروں کو بہتر سہولیات اور سیکیورٹی کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے:وزیر اعلیٰ عبدالقدو س بزنجو

  

کوئٹہ(صباح نیوز)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدو س بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان سرمایہ کاری کے لئے ایک پرکشش خطہ بن کر ابھررہا ہے جہاں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں۔ حکومت سرمایہ کاروں کو بہتر سہولیات اور سیکیورٹی کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے، شمسی توانائی سے فائدہ اٹھا کر ہم بلوچستان میں توانائی کی کمی کو دور کرسکتے ہیں۔ کسی بھی سرمایہ کاری منصوبے میں بلوچستان کے مفادات کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائناوولٹ ہیصل (Dynavolt Hisel) کمپنی کے سی ای او مائیکل ایچ وانگ (Miachael H.Wang)کی قیادت میں ملاقات کرنے والے چینی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو شمسی توانائی کے علاوہ پبلک سیکٹر کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے آگاہ کیا اور صوبے کے مختلف حصوں بالخصوص آواران میں شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے، مائیکرو گرڈ اسٹیشن قائم کرنے اور ٹرانسمیشن لائن سیکٹر میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سی پیک کی شکل میں بلوچستان کو ترقی کا ایک اہم موقع ملا ہے جس سے ہم بھرپور استفادہ کریں گے۔ سی پیک سے سرمایہ کاری میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری کے حوالے سے انتہائی سازگار خطہ ہے جہاں قدرتی معدنیات کے علاوہ کثیر مقدار میں تیل اور گیس کے ذخائر موجود ہیں جنہیں بروئے کار لاکر ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کی جاسکتی ہیں۔ حکومت سرمایہ کاروں کو سہولیات اور بہتر سیکیورٹی کی فراہمی کے لئے کوشاںہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے عزم کیا ہے کہ کسی بھی منصوبے میں سرمایہ کاری کے لئے بلوچستان کے مفاد کو اولین ترجیح دی جائے گی بلوچستان کے وسائل عوام کی امانت ہیں اور ان کے بہترین استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کو فعال نہیں بنایا گیا جو صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دے سکتا ہے تاہم موجودہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے انویسٹمنٹ بورڈ کو فعال اور متحرک بنارہی ہے جس کے مثبت نتائج جلد برآمد ہونا شروع ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین سے ہماری پرانی دوستی ہے، بلوچستان میں چینی سرمایہ کاروں سمیت تمام سرمایہ کاروں کو حکومت ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور سرمایہ کاری کے فروغ سے بہت جلد صوبے میں غربت کا خاتمہ ہوگا اور لوگوں کی زندگی میں غیرمعمولی بہتری آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں تعلیم اور تکنیکی حوالے سے زیادہ سے زیادہ آگے جانا چاہئے تاکہ مستقبل میں منصوبوں کو چلانے کے لئے تکنیکی اور ماہر افراد کی کمی کو دور کیا جاسکے۔

مزید :

قومی -