ڈی آئی جی آپریشن سے انجمن تاجران لاہو رکے وفد کی ملاقات
لاہور (کر ائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد وقاص نذیرنے کہا کہ شہر بھر کی مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کومزید محفوظ بنانے کے لئے سکیورٹی کے موثراقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں انجمن تاجران لاہور کے عہدیداران کے وفدسے ملاقات میں کیا۔جزل سیکرٹری انجمن تاجران پاکستان عبدالرزاق ببر،صدر انجمن تاجران لاہور مجاہد مقصود بٹ ، سینئر نائب صدر مرزا جاوید اقبال ، جنرل سیکریٹری طیب رشید ، سینئر وائس چیئرمین میاں محمود الحسن و دیگر تاجر نمائندے وفد میں شامل تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد وقاص نذیر نے مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لئے کئے گئے اقدامات سے عہدیداران کوآگاہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تما م ایس پیز تاجر نمائندوں کے ساتھ روابط مزید موثر بنائیں اور باہمی مشاورت سے تجارتی مراکز کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔محمد وقاص نذیر نے کہا کہ سکیورٹی معاملات مزید بہتر بنانے کے لئے تاجر نمائندوں اور معزین علاقہ کی تجاویز سے بھر پور استفادہ کیاجا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری سینٹرز میں روز بروز اضافے کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات مزید بہتر اور موثر بنائے گئے ہیں۔