جماعت اسلامی کا ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال پر اظہار تشویش

جماعت اسلامی کا ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال پر اظہار تشویش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کراچی سمیت سندھ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال پر تشویش کا ظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ حکومت ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ پہلے ہی عوام غربت و افلاس اور کرپشن کی وجہ سے صحت کی سہولیات سے محروم ہیں۔ ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال اور او پی ڈی کے بائیکاٹ کی وجہ سے دور درا سے آنے والے مریض رل جاتے ہیں اور لواحقین سخت اذیت سے دوچار ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی کے ساتھ کرپشن اور گڈ گورننس کے فقدان کی وجہ سے صحت تعلیم سمیت ہر شعبہ کا برا حال ہے۔ حکومت کی مجبوریاں اپنی جگہ پر مگر ینگ ڈاکٹرز کے مسائل و مطالبات کو انسانی ہمدردی کے ناطے حل کیا جائے تاکہ دور درا سے آنے والے غریب لوگ سرکاری ہسپتالوں میں اپنا علاج معالجہ کراسکیں۔ صوبائی امیر نے احتجاج کرنے والے ینگ ڈاکٹر ز سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے مطالبات کیلئے احتجاج ضرور کریں مگر انسانی جانوں سے نہ کھیلیں کیونکہ بر وقت علاج کی سہولت نہ ملنے سے کئی مریض جان کی بازی ہار جاتے ہیں اور ان کے ورثاء سخت اذیت سے دوچار ہوتے ہیں۔