پنجاب میں ناکامی کے بعد تخت اسلام آباد کیلئے اے این پی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا‘ اسفندیار ولی خان

پنجاب میں ناکامی کے بعد تخت اسلام آباد کیلئے اے این پی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹاف رپورٹر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ کالاباغ ڈیم کے نام پر کچھ شخصیات پوائنٹ سکورنگ کر رہی ہیں ، باچا خان نے جس منصوبے کو اپنی زندگی میں دفن کر دیا تھا اسے دوبارہ زندہ نہیں کیا جا سکتا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوبئی میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر انہیں15فروری کو ہونے والی باچا خان اور ولی خان کی برسی تقریب کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی ، اسفندیار ولی خان نے باچا خان اور ولی خان کی زندگی و جدوجہد پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ دھرتی پر امن اور پختونوں کے حق کی خاطر آواز اٹھانے پر ہمارے اسلاف کو جن صعوبتوں کا سامنا کرنا پڑا وہ ناقابل فراموش ہیں ، انہوں نے کہا کہ باچا خان کا عدم تشدد کا فلسفہ ہمیں وراثت میں ملا ہے، ہمارے اکابرین نے تمام مشکلات کا مقابلہ کرنے کیلئے نوجوانوں اور بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم پر زور دیا اس اسے عملی جامہ پہنانے کیلئے سب سے پہلے اپنے دونوں بچوں اور بیٹی کو سکول میں داخل کرایا ،انہوں نے کہا کہ چالیس سال قبل جب ہمارے بزرگوں نے روس اور امریکہ کی جنگ کو فساد قرار دیا تو ان پر غداری سمیت طرح طرح کے الزامات لگائے گئے ،لیکن آج تمام قوتیں ان کی اس بات کی تائید کر رہی ہیں جبکہ ایک اعلیٰ فوجی افسر کے بقول کہ ہم وزیرستان سے چالیس سال کا گند صاف کر رہے ہیں باچا خان اور ولی خان کی تائید ہے،اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اے این پی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے بشیر احمد بلور ، ان کے نڈر فرزند ہارون بلور ،میاں راشد سمیت کئی رہنما کھو دیئے ، امن کی خاطر جو قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ کا انمٹ باب ہیں، انہوں نے کہا کہ پختونوں کے حقوق کی خاطر میدان عمل میں رہ کر جنگ کرنا اے این پی کا وطیرہ رہا ہے اور کوئی زی روح اس بات سے انکار نہیں کر سکتا کہ ہم نے پختونوں اور اس صوبے کی خاطر فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا،ملک کی مجموعی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تخت اسلام آباد کا سارا دارومدار پنجاب کے ووٹ بنک پر ہوتا ہے جس کے حصول میں ناکامی کے بعد گزشتہ الیکشن میں خیبر پختونخوا کے حقیقی عوامی نمائندوں کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر مخصوص شخص کو اقتدار طشتری میں رکھ کر پیش کر دیا گیا، عوامی مینڈیٹ کے بغیر اقتدار میں آنے والا شخص عوامی مسائل کا ادراک نہیں کر سکتا ، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنی سابق صوبائی حکومت کے دور میں جن کالجز اور یونیورسٹیز کے اعلانات کئے تھے وہ جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے اس کے برعکس اے این پی نے اپنے دور حکومت میں تعلیمی اصلاحات کیں وہ قوم کے سامنے ہیں،اسفندیار ولی خان نے کہا کہ سوات ایکسپریس وے کا افتتاح اے این پی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے اپنے دور حکومت میں کر دیا تھا جس کا کریڈٹ لینے کیلئے تحریک انصاف نے دوبارہ افتتاح کیا ، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اے این پی کے تمام منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا کر قوم کو دھوکہ دینے کی ناکام کوشش کی، قوم کو گمراہ کر نے والوں سے خیر اور بھلائی کی توقع عبث ہے، افغانستان کے حوالے سے انہوں نے ہاد دہانی کرائی کہ امن مذاکرات میں شامل تمام سٹیک ہولڈرز مذاکراتی عمل میں افغان حکومت کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔