کوہاٹ میں ٹرانسمیشن لائن پر آسمانی بجلی گرنے سے 5 افراد جھلس گئے ،2 زخمی
کوہاٹ(بیورورپورٹ) کوہاٹ کے علاقہ سور گل میں بجلی کاکرنٹ لگنے سے پانچ افراد جاں بحق اور دوزخمی ہوگئے۔جاں بحق اور زخمی ہونیوالوں میں خواتین بھی شامل ہیں جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔واقعہ جمعرات کی علی الصبح مبینہ طور پرہیوی ٹرانسمیشن لائن پر آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے پیش آیا۔ واقعے میں ٹرانسمیشن لائن تباہ ہوگئی جبکہ واپڈا کے دیگرتنصیبات سمیت گھروں میں بجلی کے میٹر اور دیگر اشیاء جل کر راکھ بن گئے۔مقامی لوگوں نے واقعے کی ذمہ داری محکمہ واپڈاپر ڈال دی ہے جبکہ پیسکو حکام نے ٹرانسمیشن لائن پر آسمانی بجلی گرنے کے باعث وقوعہ رونما ہونے کا مؤقف اختیار کرتے ہوئے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں۔تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے نواحی علاقہ سورگل میں جمعرات کی علی الصبح بجلی کی ہیوی ٹرانسمیشن لائن اچانک ٹوٹ کرمقامی آبادی میں نصب ٹرانسفامر پر آگری جسکے نتیجے میں ٹرانسفارمر میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ مقامی آبادی کو جانے والی تاروں میں بھی ہیوی ٹرانسمیشن کی بجلی سرائیت کرجانے سے متعدد گھروں اور مسجد میں بھی شارٹ سرکٹ پیدا ہوئی جسکے باعث بجلی کی تاروں ،میٹروں اور دیگر اشیاء میں بھی آگ لگ گئی۔ہائی وولٹیج کی بجلی کے کرنٹ سے مختلف گھروں میں شارٹ سرکٹ پیدا ہونے کے اس واقعے کے دوران بجلی کے آلات چھونے کے باعث کرنٹ لگنے کی وجہ سے خواتین سمیت پانچ افراد جاں بحق اوردو زخمی ہوگئے ۔واقعے میں جاں بحق پانچ افراد مسماۃ فرزانہ بی بی زوجہ گل نواز،شمشاد بی بی زوجہ جاوید،طارق ولد لعل بادشاہ،ایاز ولد رحیم اور گل نواز ولد محمد رحمان کی لاشوں کو ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے ڈی اے اور سی ایم ایچ کے ہسپتالوں میں لایا گیا جہاں موت کی تصدیق کے بعدمیتوں کو آبائی علاقہ روانہ کردیا گیا۔اسی طرح کرنٹ لگنے کے اس واقعے میں زخمی ہونیوالی دو خواتین مسماۃ فریدہ زوجہ محمد اقبال اور مسماۃ نور بی بی زوجہ اقبال خان کوسی ایم ایچ میں داخل کرادیا گیا ہے ۔واقعے کے نتیجے میں جاں بحق ہونیوالے ایک ہی محلے کے افراد کے جنازے اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیااوراس دلخراش واقعے پر پورے شہر کی فضا ء سوگوار رہی۔ واقعے کے حوالے سے علاقہ مکینوں کاکہنا ہے کہ ہائی ٹینشن بجلی کی بوسیدہ تار ٹرانسمیشن لائن پر گرنے سے گھروں میں کرنٹ پھیلی جسکے نتیجے میں شدید جانی ومالی نقصان ہوا ۔ادھر پیسکو حکام کا واقعے کے حوالے سے مؤقف سامنے آیا ہے کہ پیسکو تنصیبات اور عوام کی جان ومال کو پہنچنے والا نقصان آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے پیش آیا ہے واپڈا حکام کا کہنا ہے کہ آسمانی بجلی ٹرانسمیشن لائن پر گرنے کی وجہ سے گھروں میں جانے والی بجلی کی تاروں میں سرائیت کرگئی جس سے واپڈا تنصیبات اور عوام کے گھروں کے میٹروں اور بجلی کے دیگر آلات کو شدید نقصان پہنچا کیونکہ آسمانی بجلی ہائی وولٹیج کی ہوتی ہے جسکی وجہ سے پہنچنے والا نقصان شدید تھاتاہم پیسکو نے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے فوری طور پر دو آزاد انکوائری کیمٹیوں کو موقع پر بھیج دیا ہے جنکی ابتدائی رپورٹ کے مطابق جس وقت آسمانی بجلی گری اسوقت ٹرانسفارمر اور دیگر تنصیبات میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے بجلی کی فراہمی منقطع تھی تاہم آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے پیسکو تنصیبات اور عوام کو شدید نقصان پہنچا۔