مشیر تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش کا اورکزئی میں کیڈٹ کالج قائم کرنے کا اعلان

مشیر تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش کا اورکزئی میں کیڈٹ کالج قائم کرنے کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کوہاٹ (بیورورپورٹ)مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے اورکزئی میں کیڈٹ کالج قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ عنقریب اورکزئی کے عوام تعلیمی شعبے میں بڑی تبدیلی دیکھیں گے، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق قبائلی اضلاع پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ضلع اورکزئی کے ایک روزہ دورے کے دوران کیا۔ضیاء اللہ بنگش نے ضلع اورکزئی میں تعلیمی شعبے، سکولوں اور تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا اور مقامی مشران اور جرگہ عمائدین سے بھی ملاقات کی۔ جرگہ عمائدین نے علاقے کے مسائل کے حوالے سے ضیاء اللہ بنگش کو آگاہ کیا۔ضیاء اللہ بنگش نے دورے کے دوران گورنمنٹ ماڈل ھائی سکول سما بازار اورکزئی، گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول اورکزئی، گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز غلجو اور پولیٹکل ایجنٹ پبلک سکول اورکزئی کا افتتاح بھی کیا۔قبائلی عمائدین کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء اللہ بنگش نے علاقے میں امن قائم کرنے پر پاک فوج اورقبائلی عوام کی کاوشوں کو سراہا اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے دورے کے دوران تعلیمی شعبے کے حوالے سے مختلف اعلانات بھی کیے۔انہو ں نے اورکزئی میں اساتذہ کی حاضری کی بہتری کے لیے آزاد مانیٹرنگ یونٹ کے قیام اور ضلع میں ترجیحی بنیادوں پر میرٹ پر اساتذہ بھرتی کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ تمام سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کا بھی اعلان کیا ۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی اضلاع کے سکولوں کی حالت بہتر کرنے کیلئے تمام سکولوں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔قبائلی اضلاع میں ترجیحی بنیادوں پر اساتذہ بھرتی کر رہے ہیں جس کے لیے اشتہار جاری ہو چکا ہے اور جلد میرٹ پر بھرتی کا عمل مکمل بھی کیاجائیگا۔انہو ں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے اضلاع کے دورے شروع کر چکے ہیں اور تمام اضلاع کے دورے خود کر رہے ہیں تاکہ وہ وہاں کے عوام سے ملاقات کی جاسکے اور ان کے علاقوں میں سکولوں اور تعلیمی سہولیات سے آگہی حاصل کر کے عوامی مسائل حل کئے جاسکیں۔