حکومت تاجرو ں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے: لاہور چیمبر

حکومت تاجرو ں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے: لاہور چیمبر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نیوز رپورٹر) کاروباری مقامات پر چھاپوں، تاجروں میں خوف و ہراس، بجلی و گیس کی مسلسل دستیابی کے فقدان اور ٹریفک کے سنگین مسائل کی موجودگی میں کاروباروں کا چلنا ممکن نہیں، حکومت تاجروں کے یہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے جس سے تاجروں اور حکومت دونوں کا بھلا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے آل پاکستان لیدر ، ریگزین اینڈ شو میٹریل مرچنٹس ایسوسی ایشن کے ایک بڑے وفدسے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی سربراہی ایسوسی ایشن کے صدر عابد سعید پال کررہے تھے۔ ایسوسی ایشن کے نائب صدر شیخ فضل جاوید، حفیظ الرحمن سہگل ، محمد نسیم، احسن محمود و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ خواجہ شہزاد ناصر اور فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ ایف بی آر عملے کی جانب سے مارکیٹوں اور دیگر کاروباری مقامات پر چھاپوں نے تاجر برادری میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، یہ سلسلہ فوری طور پر رکنا چاہیے، تاجر محب وطن ہیں، ان سے مجرموں جیسا سلوک نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فائلر اور نان فائلر کے متعلق سروے کرنے کے لیے ایف بی آر نے جو ٹیمیں و تشکیل دی ہیں وہ ایسوسی ایشن سے رابطہ کریں تاکہ احسن طریقے سے معاملات سلجھائے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے سنگین مسائل کی وجہ سے تجارتی مال کی آمد و رفت میں دشواریاں پیش آرہی ہیں، شہر کے مختلف حصوں میں پارکنگ پلازے تعمیر کرکے اس مسئلے پر کافی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے۔ عابد سعید پال نے لاہور چیمبر کے عہدیداروں کو آگاہ کیا کہ ایسوسی ایشن جرائم کی روک تھام کے لیے مارکیٹ میں سکیورٹی کیمروں کی تنصیب جلد ہی شروع کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے حوالے سے باہمی مشاورت کے ساتھ موزوں نظام وضع کیا جائے ۔ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور ممبران نے کاروباری برادری کی آواز حکام بالا تک پہنچانے کے لیے لاہور چیمبر کے کردار کو سراہا۔