اور اب مکیش امبانی کے بیٹے کی اگلے ماہ شادی، دعوت نامہ دیکھ کر آنکھیں کھلی کی کھلی رہ جائیں
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے کھرب پتی کاروباری شخص مکیشن امبانی کی بیٹی کی شادی کی تصاویر نے کئی ہفتے تک سوشل میڈیا پر ہلچل مچائے رکھی۔ اب ان کے بڑے بیٹے آکاش امبانی کی شادی کا دعوت نامہ سامنے آ گیا ہے جسے دیکھ کر ہر کسی کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق مکیش امبانی اور نیتا امبانی کے بڑے بیٹے آکاش کی شادی 9مارچ کو شولکا مہتا نامی لڑکی سے ہونے جا رہی ہے۔ شولکا ہیروں کے معروف تاجر رشل مہتا کی صاحبزادی ہیں۔
آکاش اور شولکا کی شادی کا دعوت نامہ ایک دیدہ زیب باکس کی صورت میں ہے جس کا سائز بورڈ گیم کے برابر ہے۔ اس کے اوپر ایک شیشہ لگا ہے جس کے اندر ایک گھومتی ہوئی خوبصورت اینیمیٹڈ ڈسک ہے جس پر ہندو دیوتا کرشنا اور دیوی رادھا کی تصاویر بنی ہوئی ہیں۔
جب باکس کھولا جاتا ہے تو یہ ڈسک ایک خوبصورت تصویر کی شکل میں الگ سے برآمد ہوتی ہے اوراس کے نیچے سے ایک کارڈ برآمد ہوتا ہے جس پر دولہا دلہن کے لیے دعائیہ کلمات درج ہوتے ہیں۔ اس کے بعد شادی کی تقریبات کی تفصیل پر مبنی کئی پرتوں پر مشتمل ایک کارڈ نکلتا ہے۔کارڈ کا ہر صفحہ کھولنے پر دیوتا کرشنا یادیوتا گنیش میں سے کسی ایک کی تصویر نمودار ہوتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق شادی کی تقریبات ممبئی کے بیندرا کرلا کمپلیکس میں واقع جیو ورلڈ سنٹر میں ہوں گی۔