سعودی ، امارات اور چین نے اقتصادی بحران سے بچایا، سعودی ولی عہد کی اصلاحات کی حمایت کرتے ہیں: وزیر اعظم

سعودی ، امارات اور چین نے اقتصادی بحران سے بچایا، سعودی ولی عہد کی اصلاحات کی ...
سعودی ، امارات اور چین نے اقتصادی بحران سے بچایا، سعودی ولی عہد کی اصلاحات کی حمایت کرتے ہیں: وزیر اعظم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین جیسے دوستوں نے پاکستان کو دل کھول کر امداد دی اور ہمیں اقتصادی بحران سے بچالیا۔ پاکستان سعودی عرب کو ایک طاقتور ملک کے طور پر دیکھنا چاہتا ہے۔ سعودی ولی عہد کی جانب سے اپنے ملک میں متعارف کرائی گئی اصلاحات تاریخ ساز اور جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں۔
سعودی عرب کے نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سعودی ولی عہد اپنے ملک کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کوشاں ہیں جس کیلئے وسیع پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہوتی ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے ملک میں تاریخ ساز اصلاحات متعارف کرائیں جن کی ہم مکمل حمایت کرتے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے بتایا کہ وہ اور محمد بن سلمان اپنے افکار اور نظریات ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔ سعودی ولی عہد نے جو کام کیے ہیں اس پر وہ داد وتحسین کے مستحق ہیں۔
عمران خان نے کہا ہم سعودی عرب کو ایک طاقت ور ملک کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہمیں قوی امید ہے کہ جامعات، سکولز، دیگر تعلیمی ادارے اور سعودی نوجوان اصلاحات اور دوسرے ممالک کے ساتھ مقابلے کی دوڑ میں شہزادہ محمد بن سلمان کا ساتھ دیں گے۔
سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے پر پوری قوم خوش ہے اور ہم سب ا±نہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا دوست رہا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات قائم ہیں۔ اسی تاریخ ساز تعلق کی بدولت سعودی ولی عہد کا پاکستان میں وسیع پیمانے پر خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔ پوری پاکستانی قوم معزز مہمان کی آمد کی بے تابی سے منتظر ہے۔
پاکستان کے معاشی بحران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا ہم بہت مشکل معاشی حالات سے دوچار تھے اور ہمارے پاس ادائیگیوں کے لیے بھی پیسے نہیں تھے۔ جب ہم اس طرح کے حالات سے دوچار ہوئے تو سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور چین جیسے دوستوں سے رجوع کرنا پڑا۔ ان تینوں ملکوں نے ہمیں دل کھول کر امداد دی اور پاکستان کو اقتصادی بحران سے بچا لیا۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -