سیہون،چیمبر میں لڑکی سے بداخلاقی کرنیوالے معطل جج کا بیان قلمبند
سہیون (این این آئی)سیہون میں لڑکی کیساتھ مبینہ بداخلاقی کے الزام میں معطل جج امتیاز بھٹو نے عدالت میں بیان ریکارڈ کرادیا۔ چیمبر میں لڑکی سے بداخلاقی کے کیس میں معطل جج امتیاز بھٹو سیشن جج جامشورو کی عدالت میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے عبوری ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کی درخواست کی۔اس موقع پر مقدمے کے تفتیشی افسر ڈی ایس پی اورنگزیب عباسی اور منیر عباسی بھی عدالت میں موجو د تھے۔دوران سماعت عدالت نے معطل جج سے استفسار کیا کہ آپ نہ بیان ریکارڈ کرا رہے ہیں اور نہ ڈی این اے ٹیسٹ کروا رہے ہیں۔ فاضل جج نے حکم دیا کہ آپ اپنا بیان قلمبند کرائیں پھر ضمانت میں توسیع کی درخواست سنیں گے۔بعدازاں عدالت کے حکم پرمعطل سول جج نے عدالتی پراسیکیوٹر کی موجودگی میں اپنا بیان ریکارڈ کروایا جس میں انہوں نے کہا مجھ پرلگے الزامات غلط ہیں۔بیان ریکارڈ کروانے کے بعد معطل جج عدالت میں دوبارہ پیش ہوئے جس پر ملزم کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت بداخلاقی کا الزام لگانے والی لڑکی کا بیان بھی لے۔ عدالت نے حکم دیا کہ 21 تاریخ تک ملزم جج ڈی این اے کروانے کا فیصلہ کریں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزم کو کسی بھی لیبارٹری سے ڈی این ایکروانے کا خرچہ خود برداشت کرنا ہوگا اس پر معطل جج نے ڈی این اے کیلئے اپنے وکلاء سے مشورے کا وقت مانگا۔ بعدازاں عدالت نے معطل جج کی درخواست پرضمانت میں 21فروری تک توسیع کردی۔یاد رہے شہداد کوٹ میں سلمیٰ بروہی اور نثار بروہی پسند کی شادی کیلئے گھر سے فرار ہوکر سیہون کے ایک گیسٹ ہاؤس میں رہائش پذیر تھے جہاں 13 جنوری کو لڑکی کے اہل خانہ سیہون پہنچے اور دونوں کو پکڑ لیا۔معاملہ پولیس تک جا پہنچا تو پولیس لڑکی کو بیان کیلئے سینئر جوڈیشنل مجسٹریٹ امتیاز بھٹو کے چیمبر میں لے گئی۔ذرائع کے مطا بق لیڈی پولیس اور عملے کو یہ کہہ کر عدالت سے باہر نکال دیا گیا کہ لڑکی کا بیان لینا ہے۔جج نے لڑکی سے استفسار کیا کہ کیا وہ والدین کیساتھ جانا چاہتی ہے یا شوہر کیساتھ؟ جس پر لڑکی نے شوہر کیساتھ جانے پر حامی بھری۔رپورٹ کے مطابق جج نے خوف میں مبتلا لڑکی کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے چیمبر میں لڑکی کیساتھ مبینہ طور پر بداخلاقی کی۔متاثرہ لڑکی کی شکایت پر سیہون پولیس نے لڑکی کا عبداللہ شاہ انسٹی ٹیوٹ میں میڈیکل کرایا جہاں لڑکی کیساتھ بداخلاقی کی تصدیق ہوگئی۔بعدازاں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمد علی شیخ نے جوڈیشل مجسٹر یٹ امتیاز حسین بھٹو کو معطل کر دیا اور انہیں سندھ ہائیکورٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔
معطل جج بیان