مارلی بون کرکٹ کلب نے لاہور قلندرزکو 4 وکٹوں سے ہرا دیا

      مارلی بون کرکٹ کلب نے لاہور قلندرزکو 4 وکٹوں سے ہرا دیا

  



 لاہور(سپورٹس رپورٹر)قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں مارلی بون کرکٹ کلب کی ٹیم نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فتح اپنے نام کی۔ 4 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے اڑتالیس سال بعد پاکستان پہنچنے والی ایم سی سی کرکٹ ٹیم کا لاہور میں یہ پہلا میچ تھا۔لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ جواب میں ایم سی سی نے مطلوبہ ہدف 4 گیندیں قبل 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ایم سی سی کے روی بوپارہ نے میچ کے دوران اہم موقع پر 42 رنز بناکر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔مارلی بون کرکٹ کلب کے کپتان کمار سنگارا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو لاہور قلندرز کی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پرمتاثرکن کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکی اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 135رنزہی بناسکی۔ فخرزمان اور سلمان بٹ میں 42 رنز کی ابتدائی شراکت قائم ہوئی۔ ہدف کے تعاقب میں ایم سی سی کے ابتدائی 3 کھلاڑی محض 49کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد روی بوپارہ اور سمت پٹیل نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 60 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ روی بوپارہ نے 37 گیندوں پر2 چوکوں اور 1چھکے کی مدد سے 42 جبکہ سمت پٹیل نے 22 گیندوں پر 2 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 31 رنز کی اننگز کھیلیں۔ ایم سی سی کرکٹ ٹیم 16فروری کو پاکستان شاہینز کے خلاف پچاس اوورز پر مشتمل میچ ایچیسن کالج لاہور میں کھیلے گی۔

مارلی بون کلب

مزید : علاقائی