کینسر آگاہی تقریبات محققین کیلئے انتہائی سود مند ہیں،پروفیسر نیاز

    کینسر آگاہی تقریبات محققین کیلئے انتہائی سود مند ہیں،پروفیسر نیاز

  



لاہور (لیڈی رپورٹر)وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر نے کہا ہے کہ کینسر کے خلاف لڑنے کیلئے مختلف شعبوں کو کام کرنے کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کینسر ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام کینسر بائیو کانفرنس سے الرازی ہال میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیٹرن کینسر ریسرچ سنٹر عبد الرؤف شکوری، ڈائریکٹر کینسر ریسرچ سنٹر ڈاکٹر نوشین زہرا، پاکستان کے مختلف اداروں سے محققین اور طلباؤ طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ کینسر کے خلاف کاوشوں کو قابل عمل بنانے اور محققین کے مابین خلاء کم کرنے کیلئے کینسر ریسرچ سنٹر قائم کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بیشتر افراد کو کینسر کے بارے میں آخری سٹیج پر پتا لگتا ہے جب ان کا بچنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینسر کے متعلق آغاز میں پتا لگ جائے تو کئی قیمتی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقاریب بیماری کے خلاف کام کرنے والے محققین اور پریکٹیشنرز کیلئے سود مند ہوتی ہیں۔ ڈائریکٹر کینسر ریسرچ سنٹر ڈاکٹر نوشین زہرا زیدی نے کہا کہ سنٹر نے بیماری کے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے اور آگاہی دینے کیلئے ہینڈ بک شائع کی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1