صنعتوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے: پیا ف

          صنعتوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے: پیا ف

  



لاہور(این این آئی)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسو سی ایشنز فرنٹ (پیاف) کے چئیرمین میاں نعمان کبیر نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی مشکلات کے باوجود ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے، ٹیکس دینے کے باوجود بزنس کمیونٹی ہراسمنٹ کا شکار ہے گورنمنٹ کے چند ادارے بزنس کمیونٹی کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کی بجائے مشکلات پیدا کر رہے ہیں جسکی وجہ سے صنعتکار اور تاجر برادری نہایت پریشان ہیں، ان خدشات کا اظہار چیئر مین پیاف میاں نعمان کبیرنے گزشستہ روز پیاف کے وفدکے ہمراہ گورنر پنجاب چودھری محمد سرورسے ملاقات کے دوران کیا، انھوں نے کہا کہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس ہر انڈسٹری کے لئے لگانا بہت مشکل ہے حکومت اس سلسلے میں صنعتوں کے ساتھ تعاون کرے۔لیبر کی آسانی کے لئے انڈسٹریل اسٹیٹس میں پبلک ٹرانسپورٹ چلائی جائیں۔ متعلقہ اداروں پر زور دیا جائے کہ صنعتکاروں کو ناجائز طور پر ہراساں اور پریشان نہ کیا جائے بلکہ انکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ گورنمنٹ اور کاروباری طبقہ کا تعلق ہمیشہ قائم رہے۔سابق وائس چیئرمین پیاف خواجہ شاہزیب اکرم نے کہا کہ کاسٹ آف ڈؤنگ بزنس میں اضافے کے باعث صنعتکار کافی پریشان ہیں۔ برآمدات کو بڑھانے کیلئے پالیسیز کو ری ایڈریس کیا جائے۔سیلز ٹیکس ریفنڈ کی ادائیگیاں اگر وقت پر نہیں ہوئیں تو انکا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ برآمدکنندگان انرجی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے سخت مشکلات کا شکار ہیں،ریفنڈز کی فوری ادائیگی کی جائے۔ہم تمام مسائل کے حل کیلئے حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ تاجر برادری ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں پہلے ہی اپنا فرض ادا کر رہی ہے۔

اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے تاجروں اور صنعتکاروں پر مشتمل پیاف کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ انڈسٹری کے مسائل کے حل میں متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ پاکستان بزنس کمیونٹی کی بدولت ہی ترقی کی منازل طے کر سکتا ہے، جب تک بزنس کمیونٹی کمفورٹیبل نہیں ہو گی ہماری اکانومی کمفورٹیبل نہیں ہو گی۔حکومت معیشت کو ٹریک پر لانے کے لئے دن رات کوشاں ہے۔حکومت تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل سے باخبر ہے اور بیک اینڈ پر مسائل کے حل پر پہلے ہی کام ہو رہا ہے اوربزنس کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔پیاف کے وفد میں میاں نعمان کبیرکے ساتھ خواجہ شاہزیب اکرم،، غلام سرور ملک، میاں محمد نواز۔ ملک احد امین، نعیم حنیف، ارشد بھٹی، سیکرٹری پیاف عبد ا لصبور شیخ و دیگر ممبران شامل تھے

مزید : کامرس