گرڈ سٹیشنز، ٹرانسمیشن لائنز کی استعداد بڑھانے کاکام جاری، این ٹی ڈی سی

گرڈ سٹیشنز، ٹرانسمیشن لائنز کی استعداد بڑھانے کاکام جاری، این ٹی ڈی سی

  



لاہور (این این آئی)موسم گرما میں بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ(این ٹی ڈی سی) کی جانب سے سسٹم میں نقائص دور کرنے کیلئے ملک بھر میں شناخت شدہ 500کے وی اور 220کے وی گرڈ سٹیشنز اورٹرانسمیشن لائنز کی استعداد (کیپسٹی) بڑھانے کا کام جاری ہے۔ حال ہی میں 220کے وی گرڈ سٹیشن غازی لاہور پر 250ایم وی اے ٹرانسفارمر کی تنصیب مکمل کرکے انرجائز کردیا گیا ہے جس سے سسٹم میں اوورلوڈنگ کا خاتمہ ہوگا اور لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کے صارفین کوبجلی کی بلا تعطل فراہمی ممکن بنائی جاسکے گی۔ این ٹی ڈی سی ترجمان نے بتایا کہ این ٹی ڈی سی نے سسٹم میں اوورلوڈنگ اور ٹرپنگ کے مسائل سے نمٹنے کیلئے تین مرحلوں پر مشتمل سسٹم کنسٹرینٹس ریموول پلان (System Constraints Removal Plan) تشکیل دیا ہے۔پہلے مرحلے میں اوورلوڈنگ سے نمٹنے کیلئے 500کے وی گرڈ سٹیشن جامشورو پر 450ایم وی اے کے ٹرانسفارمر کی تنصیب کا کا م مکمل کرکے انرجائز کردیاگیا جبکہ500کے وی بھکھی پاور پلانٹ تا 500کے وی نیو لاہور گرڈ سٹیشن ٹرانسمیشن لائن، 220کے وی راوی تا نیو لاہور ٹرانسمیشن لائن اور 220کے وی راوی تا شالامار ٹرانسمیشن پر آگمینٹیشن کام جاری ہے جسے شیڈول کے مطابق مکمل کرلیا جائے گا۔ این ٹی ڈی سی ترجمان نے بتایا کہ این ٹی ڈی سی نے پہلے ہی اسلام آباد، راولپنڈی اور فیصل آباد میں سسٹم کنسٹرینٹس پر کامیابی سے قابو پا لیا ہے۔ 500کے وی روات گرڈ سٹیشن پر 700ایم وی اے ٹرانسفارمر کی تنصیب سے اوورلوڈنگ کا خاتمہ ہوجس سے آئیسکو اور راولپنڈی کے صارفین کو بلاتعطل سپلائی جار ی ہے۔ یہ گرڈ سٹیشن انتہائی اہمیت کا حامل اور بجلی کی ترسیل کا بڑا ذریعہ ہے اور اس کی استعداد 2850 ایم وی اے تک پہنچ چکی ہے۔

اسی طرح 500کے وی گٹی گرڈ سٹیشن فیصل آباد پر 600ایم وی اے ٹرانسفارمر کی تنصیب سے سسٹم میں اوورلوڈنگ میں خاطر خواہ کمی ہوئی۔ گٹی گرڈ سٹیشن کی استعداد 2400ایم وی اے تک پہنچنے سے ملکی ترسیلی نظام میں بہتری آئی اور لیسکو اور فیسکو کے صارفین کوموسم گرما میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی میں مدد ملے گی۔

مزید : کامرس