ایل ڈی اے سٹی فیزون کی فائلوں پرپلاٹ نمبر لگا دیے گئے
لاہور(جنرل رپورٹر)یکم دسمبر 2019ء کے بعد جاری کی جانے والی ایل ڈی اے سٹی فیز ون کی308نئی فائلوں پر پلاٹ نمبر لگا دیئے گئے‘قرعہ اندازی کانتیجہ ایل ڈی اے کی ویب سائٹ www.lda.gop.pk پردستیاب ہے۔مالکان اپنی فائل کا نمبر اینٹر کر کے اس پر لگنے والے پلاٹ کا نمبر معلوم کر سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشیدنے قرعہ اندازی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی مستقبل کا نیا شہر ہے، ایک سال قبل شکوک و شبہات او رغیر یقینی صورتحال کے باوجود یہ منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے جو کسی معجزے سے کم نہیں -یہ ہماری نیک نیتی کے نتیجے میں اللہ تعالی کا انعام ہے -فائل ہولڈرزکی دعاؤں کے ساتھ ساتھ وائس چیئر مین ایس ایم عمران‘ ڈائریکٹر جنرل سمیر احمد سید اوران کی ٹیم اور ڈویلپمنٹ پارٹنرز کی دن رات کی محنت کے نتیجے میں ہم اس چیلنج سے عہدہ برآ ہو رہے ہیں۔ وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایل ڈی اے سٹی فائل مالکان کو پلاٹ الاٹ کر کے سرخروہوئے۔یہ انتہائی مشکل کام ڈویلپمنٹ پارٹنرزکی انتھک محنت اورمتعلقہ افسران کی دن رات کی کوششوں سے ممکن ہوا ہے۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سمیر احمد سیدنے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی فیز ون کی فائلوں پر پلاٹ نمبرلگانے کے لئے شفافیت یقینی بنانے کی خاطر تمام ضروری اقدامات کئے گئے۔قرعہ اندازی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکے زیر اہتمام کی گئی ہے۔ فائل ہولڈرز سے ترقیاتی اخراجات آدھے وصول کئے جائیں گے۔ ان فائلوں میں ایک کنال کی 51،دس مرلے کی 135اور پانچ مرلے کی 120فائلیں شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ قرعہ اندازی میں شامل کی جانے والی فائلوں کے نمبرحبیب بنک لمیٹڈ کو دیئے گئے جس نے اِن پر فرضی نمبر لگا کر ایل ڈی اے کو دے دیئے اور ان نمبروں کی کیز(Keys)اپنے پاس رکھیں۔ بعدازاں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ان فرضی نمبروں کی قرعہ اندازی کی۔ فائلوں کے خفیہ نمبروں پر قرعہ اندازی کے ذریعے نکلنے والے نمبروں کو Keyکے ذریعے اصل فائل نمبروں کے ساتھ میچ کرکے کسی فا ئل پرلگنے والے پلاٹ نمبر کا اعلان کیا گیا۔۔اس موقع پرگورننگ باڈی کی ممبر سعدیہ سہیل رانا ایم پی اے‘ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل فارقلیط میر، رانا ٹکا خان،چیف انجینئر حبیب الحق رندھاوا، چیف ٹاؤن پلانر طارق محمود‘ڈائریکٹر فہد انیس اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی -ایل ڈی اے سٹی کے ڈویلپمنٹ پارٹنرزپاک اسٹیٹ کے عمران علی بھٹی‘ اربن ڈویلپرز کے طاہرجاوید‘الفا اسٹیٹ کے ملک آصف‘معمارسروسز کے عبد الرشید اور منیجر ظفر محمود چشتی بھی شریک ہوئے