ملتان ڈویژن کیلئے ترقیاتی منصوبے احسن اقدام ہے،جہانزیب کھچی

    ملتان ڈویژن کیلئے ترقیاتی منصوبے احسن اقدام ہے،جہانزیب کھچی

  



لاہور(لیڈی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا ملتان ڈویژن کے لئے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان خوش آئند ہے اور ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے جنوبی پنجاب میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔یہ بات صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نے اپنے دفتر میں حلقے کے کارکنان کے پانچ رکنی وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔صوبائی وزیر نے وفد کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کے لئے پالیسی مرتب کرنے کا اعلان احسن اقدام ہے۔اس حوالے سے کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایات دے دی گئی ہیں،کمیٹی اس ضمن میں جلد اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی اوراس کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات طے کر کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیاجائیگا۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں کیڈٹ کالج کے قیام کے منصوبے کاجائزہ بھی لیا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ زرعی پیداوار میں اضافے کے لئے ریسرچ اداروں کی استعداد کار میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے زرعی ریسرچ کے اداروں کی تنظیم نو اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائے جارہے ہیں جس سے زرعی پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ کسانوں کے لئے بھی ترقی و خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1