ترک صدر کے دورہ سے دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط ہونگے،اعجازچودھری

ترک صدر کے دورہ سے دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط ہونگے،اعجازچودھری

  



لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ ترکی اور پاکستان برادر اسلامی ملک ہیں، ترکی کے صدر رجب طیب اردگان اور ان کی اہلیہ کو پاکستان آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں ان کے دورے سے دونوں میں کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، ترک صدر نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پاکستان کے موقف کی بھرپور حمایت اور سپورٹ کی ہے جس پر ہم ان کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں، وہ امت مسلمہ کا دکھ اور درد سمجھتے ہیں اور عالمی فورمز پر کھل کر اس کااظہار بھی کرتے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔ وہ گذشتہ روز پارٹی سیکرٹریٹ میں نارتھ کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ندیم افضل بنٹی اور اوکاڑہ کے سٹی ڈسٹرکٹ صدر سلیم صادق سمیت دیگر عہدیداران سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر عامر گجر، علی امتیاز وڑائچ، شبیرسیال،ندیم قادر بھنڈر، ثانیہ کامران اور ڈاکٹر مصباح ظفر بھی موجود تھیں۔ انہوں نے کہاکہ بلاول زرداری گرفتاری کے خوف سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں، جمہوریت کا راگ الاپنے والے موروثیت کی باتیں کررہے ہیں، قومی اسمبلی میں بلاول زرداری کی سرپرستی میں پیپلزپارٹی کی غنڈہ گردی کی جنتی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ حادثاتی پرچی چیئرمین بلاول زرداری بڑھکیں مارنے کی بجائے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ بلاول زرداری اپنی ناکامی اور نااہلی کا الزام دوسروں پر لگانے کی بجائے سندھ کے غریب عوام کے بنیادی حقوق دیں۔ سندھ کی عوام کو بارہ سالوں سے لالی پاپ پر ٹرکایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کرپٹ ٹولے کے خلاف وزیراعظم عمران خان چٹان کی طرح کھڑا ہے۔ اچھاوقت آنے والا ہے پی ٹی آئی قوم مایوس نہیں ہونے دے گی۔ چوروں اور ڈکیتوں کی بلااحتساب سے چیخیں نکل رہی ہیں۔ علاوہ ازیں اعجازاحمدچوہدری نے سنٹرل پنجاب کے جوائنٹ سیکرٹری و ایم پی اے مامون تارڑ سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1