حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28فروری تک توسیع

      حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28فروری تک توسیع

  



لاہور(نامہ نگار) احتساب عدالت نے آمدنی سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز شریف کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی۔ احتساب عدالت کے جج چودھری امیر محمد خان نے سماعت کی۔حمزہ شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ریفرنس تیاری کے آخری مراحل میں ہے، جلد ہی دائر کر دیا جائے گا۔ عدالت نے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کرتے ہوئے سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی۔ عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شریک ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی مزید 14 روزکی توسیع کردی۔ نیب نے حمزہ شہباز کو آمدنی سے زائد اثاثہ جات اور رمضان شوگر ملز کیس میں گرفتار کیا تھاتاہم عدالت عالیہ نے رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کررکھی ہے۔علاوہ ازیں احتساب عدالت کے امجد نذیرچودھری نے رمضان شوگر مل کیس میں حمزہ شہباز کی گواہوں کی دستاویزات لینے کی درخواست خارج کردی، فاضل جج نے حمزہ شہباز سے استفسار کیا کہ آپ کے پاس اپنا قومی شناختی کارڈ ہے؟جس پر حمزہ شہباز نے کہا کہ میرے پاس شناختی کارڈ ابھی موجود نہیں ہے،فاضل جج نے پوچھا کہ آپ کا شناختی کارڈ پر نام کیالکھا ہے؟جس پر حمزہ شہباز نے کہا کہ شناختی کارڈ پرمیرا پورا نام میاں حمزہ شہباز لکھا ہوا ہے،جس پر فاضل جج نے کہا کہ آئندہ شناختی کارڈ پر نام دیکھ کر حاضری مکمل ہوگی،عدالت میں حمزہ شہباز کے وکیل نے ریفرنس کی بعض کاپیاں دینے کی درخواست دائر کی تھی جو عدالت نے خارج کر دی۔

جوڈیشل ریمانڈ

لاہور(این این آئی)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرخمزہ شہباز نے کہا ہے کہحکمرانوں کی نا اہلی اور نالائقیوں کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کا بھی برا حال ہے، جھوٹے دعوؤں اور کھوکھلے وعدوں سے ملک نہیں چل سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت 10ارب کی سبسڈی کے نام پر قوم کو جھانسہ دے رہی ہے،حکومت کی نالائقیوں کی وجہ سے آئے روز نیا سے نیا بحران پیدا ہو رہا ہے،حکومت کے لوگ آٹا اور چینی بحران پیدا کرکے کئی اربوں کی دیہاڑیاں لگاچکے ہیں،آٹے اور چینی بحران کی انکوائری رپورٹس عوام کی سامنے لائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی بچگانہ حکومت نے ریاستی امور کو بازیچہ اطفال بنا دیا ہے۔ کمرتوڑ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی،حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے، پی ٹی آئی کی حکومت نے سب کچھ تباہ کر دیا ہے،عوام کی حکومت سے مایوسی آخری حدوں کو چھو رہی ہے لیکن اب سیاسی تبدیلیوں کا موسم آنے والا ہے۔ حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو وہ وقت دور نہیں جب قوم ان کا محاسبہ کریگی۔

حمزہ شہباز

مزید : صفحہ آخر